Ojhri Ke Mutaliq Ek Riwayat Ki Tehqeeq

اوجھڑی کے متعلق ایک روایت کی تحقیق

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1933

تاریخ اجراء:07صفرالمظفر1445ھ/25اگست2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کو  اوجھڑی پکا کے پیش کی ،کیا یہ روایت درست ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     یہ ضعیف روایت ہے  جس سے  شرعی  استدلال درست نہیں ۔ چنانچہ مجمع الزوائد میں اس حدیث پاک کو نقل کرکے کہا گیا’’رواہ الطبرانی وفیہ إبراہیم بن إسماعیل بن إبراہیم بن مجمع وہو ضعیف‘‘ترجمہ: اس حدیث کو طبرانی نے روایت کیا اور اس میں ابراہیم بن اسماعیل بن ابراہیم بن مجمع ضعیف ہے۔(مجمع الزوائد ومنبع الفوائد،کتاب الاطعمۃ،باب ما جاء فی اللحم ،جلد5،صفحہ44،دار الفکر، بیروت)

      ابراہیم بن اسماعیل کے ضعیف ہونے پر کلام کرتے ہوئے امام ابن حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ تہذیب التہذیب میں لکھتے ہیں’’إبراہیم بن إسماعیل بن مجمع بن یزید وقیل بن زید بن مجمع الأنصاری أبو إسحاق المدنی روی عن الزہری وأبی الزبیر وعمرو بن دینار وغیرہم وعنہ الدراوردی وابن أبی حازم وأبو نعیم وعدۃ۔قال بن معین:ضعیف لیس بشیء وقال أبو زرعۃ سمعت أبا نعیم یقول:لا یسوی حدیثہ فلسین وقال أبو حاتم:کثیر الوہم لیس بالقوی یکتب حدیثہ ولا یحتج بہ وہو قریب من بن أبی حبیبۃ وقال البخاری: کثیر الوہم وقال النسائی:ضعیف وقال ابن عدی ومع ضعفہ یکتب حدیثہ،قلت:وقال الحاکم أبو أحمد:لیس بالمتین عندہم وقال أبو داود:ضعیف متروک الحدیث ،سمعت یحیی بقولہ:وفی کتاب ابن أبی خیثمۃ من طریق جعفر بن عون أن ابن مجمع کان أصم وکان یجلس إلی الزہری فلا یکاد یسمع إلا بعد کدّ وقال ابن حبان:کان یقلب الأسانید ویرفع المراسیل‘‘(تہذیب التہذیب،جلد1،صفحہ105،مطبعۃ دائرۃ المعارف النظامیۃ، الہند)

      مزید ان کے ضعیف ہونے کی صراحت درج ذیل علماء کرام رحمہم اللہ نے اپنی کتب میں فرمائی ہے:

   التاریخ الکبیر میں محمد بن اسماعیل (المتوفی256 ھ) ، اکمال تہذیب الکمال فی اسماء الرجال میں مغلطای بن قلیج المصری الحکری الحنفی (المتوفی762ھ)،الضعفاء والمتروکون میں ابو عبد الرحمن احمد بن شعیب بن علی الخراسانی، النسائی (المتوفی303 ھ)،تہذیب الکمال فی اسماء الرجال میں یوسف بن عبد الرحمن القضاعی الکلبی المزی (المتوفی742ھ)، الکاشف فی معرفۃ من لہ روایۃ فی الکتب الستۃ اورمیزان الاعتدال فی نقد الرجال میں شمس الدین ابو عبد اللہ محمد بن احمد بن عثمان الذہبی (المتوفی748ھ)،مختصر الکامل فی الضعفاء میں احمد بن علی بن عبد القادر المقریزی (المتوفی845ھ) ، المجروحین من المحدثین والضعفاء والمتروکین میں محمد بن حبان ابو حاتم، الدارمی، البُستی (المتوفی354ھ)،الکامل فی ضعفاء الرجال میں ابو احمد بن عدی الجرجانی (المتوفی365 ھ)۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم