Masjid e Aqsa Ki Qiyamat Tak Hifazat Karne Wali Jamat

مسجداقصی کی قیامت تک حفاظت کرنے والی جماعت

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-1475

تاریخ اجراء: 16شعبان المعظم1444 ھ/09مارچ2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ایسا فرمان موجود ہے کہ:"  میری امت میں سے ایک جماعت قیامت تک مسجد اقصیٰ کی حفاظت کرے گی اور وہ حق پہ ہو  گی۔" اس طرح کی حدیث مبارک ہو، تو اس کے الفاظ و حوالہ بتا دیجئے گا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی اس مفہوم کی  روایت  کتبِ حدیث میں موجود ہے، حدیث مبارک مع متن و ترجمہ درج ذیل ہے:

   نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”لا تزال عصابۃ من امتی یقاتلون علی ابواب دمشق و ما حولھا و علی ابواب بیت المقدس لا یضرھم خذلان من خذلھم   ظاھرین  علی الحق الی ان تقوم الساعۃ “ترجمہ:میری امت میں سے ایک گروہ دمشق کے دروازوں اور اس کے اطراف اور بیت المقدس اور اس کے اطراف میں ہمیشہ (دشمنوں) سے  جنگ کرتا رہے گا، جو شخص ان کو رسوا کرنا چاہے گا یا ان کی مخالفت کرے گا ،وہ ان کو نقصان نہیں پہنچا سکے گا۔ وہ  حق پر قائم رہیں گے حتی کہ قیامت آ جائے گی۔(کنز العمال، ج12، ص283، مؤسسۃ الرسالۃ، بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم