مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری
فتوی نمبر: Pin-4893
تاریخ اجراء: 02 صفر المظفر 1438ھ/03نومبر 2016ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان ِ شرع ِ متین اس مسئلے کے بارے میں کہ ربیع الاول کی آمد سے متعلق یہ روایت بیان کی جا رہی ہےکہ جس نے سب سے پہلے کسی کو ربیع الاول کی مبارک دی،اس پر جنت واجب ہو جائے گی۔ کیا ایسی کوئی روایت موجود ہےاور کیا اسے شیئر کر سکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
ربیع الاوّل کی آمد کی خوشی منانا اور چرچا کرنا بہت اعلیٰ اورمستحسن عمل ہےکہ اس ماہِ مبارک میں اللہ عز و جل نے نبی آخر الزماں صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کو اس دنیا میں مبعوث فرما کر مؤمنین پر احسان فرمایا۔آپ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کی تشریف آوری یقیناً مسلمانوں کے لیے نعمتِ عظمی ہےاور نعمت کا چرچا کرنے کے متعلق اللہ عز و جل قرآنِ عظیم میں ارشاد فرماتا ہے:﴿ وَ اَمَّا بِنِعْمَۃِ رَبِّکَ فَحَدِّثْ ﴾ ترجمہ:اور اپنے رب کی نعمت کا خوب چرچا کرو۔ (پارہ 30، سورۃالضحی ،آیت11)
لیکن جہاں تک سوال میں مذکورروایت کا تعلق ہے،تو ایسی کوئی روایت نظر سے نہیں گزری،نہ علماء سے سُنی،بلکہ ایسی باتیں عموماً مَن گھڑت ہوا کرتی ہیں اور مَن گھڑت بات حضور اکرم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم کی طرف قصداً منسوب کرنا حرام ہے، حدیث ِ مبارک میں اس پر سخت وعید ارشاد فرمائی گئی ہے۔ چنانچہ صحیح بخاری ومسلم میں حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے: نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا:’’مَنْ کَذَبَ عَلَیَّ مُتَعَمِّدًا فَلْیَتَبَوَّاْ مَقْعَدَہٗ مِنَ النَّارِ‘‘ترجمہ :جس نے مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ باندھا،وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے۔(صحیح البخاری، کتاب العلم، باب اثم من کذب علی النبی صلی اللہ علیہ وسلم ، جلد 1، صفحہ 21، مطبوعہ کراچی)
اور بغیر تحقیق و تصدیق ہر سنی سنائی بات کو آگے پھیلانا بھی نہیں چاہئے،کیونکہ حدیثِ پاک میں ایسے شخص کو جھوٹا فرمایا گیا ہے۔چنانچہ مسلم شریف کی حدیث میں ہے:’’کَفٰی بِالْمَرْء ِکَذِبًا اَنْ یُّحَدِّثَ بِکُلِّ مَا سَمِعَ‘‘ ترجمہ:انسان کے جھوٹا ہونے کو یہی کافی ہے کہ ہر سُنی سنائی بات بیان کر دے۔(الصحیح للمسلم، باب النھی عن الحدیث بکل ما سمع، جلد 1، صفحہ 9، مطبوعہ کراچی)
لہٰذا ایسی روایات پر مشتمل میسجز(Messages)اور پوسٹس (Posts) شیئر کرنے سے بچنا بہت ضروری ہے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
قرآن خوانی میں بلند آواز سے تلاوت کرنا کیسا ہے؟
قرآن کریم میں مشرق اور مغرب کے لیے مختلف صیغے کیوں بولے گئے؟
کیا تلاوت قرآن کے دوران طلباء استاد کے آنے پرتعظیماًکھڑے ہو سکتے ہیں؟
قرآن کریم کو رسم عثمانی کے علاوہ میں لکھنا کیسا؟
عصر کی نماز کے بعدتلاوت کا حکم
لیٹ کر قرآن پڑھنا کیسا ؟
قرآ ن خوانی کے بعد کھانا یا رقم لینا دینا کیسا ؟
قرآن پاک کو تصاویر والے اخبار کے ساتھ دفن کرنا کیسا ؟