Kya Murgh Jinnat Ko Dekh Kar Awaz Nikalta Hai ?

کیا مرغ جنات کو دیکھ کر اذان دیتا ہے ؟

مجیب: سید مسعود علی عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-579

تاریخ اجراء:30ربیع الاول1444 ھ  /27اکتوبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا مرغ جنات کو دیکھ کر  آواز نکالتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی نہیں! مرغ فرشتے کو دیکھ کر اذان دیتا ہے۔

   حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:”اذا سمعتم صیاح الدیکۃ فاسالوا اللہ من فضلہ فانھا رات ملکا واذا سمعتم نھیق الحمار فتعوذوا باللہ من الشیطان فانہ رای شیطانا“یعنی جب تم مرغ کی اذان سنو،تو اللہ سے اس کا فضل مانگو، کیونکہ مرغ فرشتے کو دیکھتا ہےاور جب تم گدھے  کا رینکنا سنو، تو مردود شیطان سے اللہ کی پناہ مانگو، کیونکہ اس نے شیطان کو دیکھا ہے۔(صحیح بخاری ، حدیث 3303، صفحہ 447،مطبوعہ:ریاض)

   اس حدیث پاک کی شرح بیان کرتے ہوئے  حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں: ”ظاہر یہ ہے کہ یہاں ہر مرغ کی ہر آواز مراد ہے جسے ہم مرغ کا اذان دینا کہتے ہیں۔ بعض لوگوں نے تہجد کے وقت کی مرغ کی آواز مراد لی، بعض نے صبح صادق کے وقت کی آواز، مگر پہلے معنی زیادہ ظاہر ہیں کہ حدیث میں کوئی قید نہیں، مرغ کی ہر اذان پر دعا مانگنا چاہیے۔ یعنی مرغ رحمت کا فرشتہ دیکھ کر بولتا ہے، اس وقت کی دعا پر فرشتے کے آمین کہنے کی امید ہے۔ (مراٰۃ المناجیح،جلد4،صفحہ 32، ضیاء القرآن، لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم