Islamiyat Ke Subject Mein Quran Ki Surat Yaad Kar Ke Bhool Jana

اسلامیات کے سبجیکٹ میں قرآن کی سورتیں یاد کر کے بھول گئے تو کیا حکم ہے ؟

مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1173

تاریخ اجراء: 06جمادی الاول1445 ھ/21نومبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   عرض یہ ہے کہ اسکول میں اسلامیات کاSubject ہوتا ہے تو اس میں  قرآن پاک کی کچھ سورتیں اور آیات ہوتی ہیں جو پیپرز کے لیے بچوں کو یاد کرنی ہوتی ہیں۔لیکن جب دوسری کلاس میں جاتے ہیں، توپچھلی کلاس کا بھول جاتے ہیں ۔تو کیا اسے یاد رکھنا ضروری ہے؟اور بھولنے پر کیا حکم ہوگا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   قرآن کریم کی جو سورتیں اور آیتیں زبانی یاد کی ہیں ، ان کو یاد رکھنا لازم ہے ۔ ان سورتوں اور آیتوں کو بار بار پڑھتے رہنا ضروری ہے تاکہ حفظ باقی رہے ۔  حفظ باقی رکھنے سے صرف یہی مراد نہیں کہ پورا قرآن کریم یاد کیا تو اسے یاد رکھا جائے گا بلکہ ایک آیت بھی یاد  ہو گئی تو اسے بھی یاد رکھنا ضروری ہے ۔

   اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ ایک حدیث پاک کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں:”یعنی جس طرح بندھے ہوئے اونٹ چھوٹنا چاہتے ہیں اور اگر ان کی محافظت واحتیاط نہ کی جائے تو رہا ہوجائیں اس سے زیادہ قرآن کی کیفیت ہے ،اگر اسے یاد نہ کرتے رہو گے تو وہ تمہارے سینوں سے نکل جائے گا ، پس تمہیں چاہئے کہ ہروقت اس کا خیال رکھو اور یاد کرتے رہو، اس دولت بے نہایت کوہاتھ سے نہ جانے دو۔اسی طرح ایک اور حدیث پاک کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں : ”یعنی اے قرآن والو!قرآن کو تکیہ نہ بنالو کہ پڑھ کے یاد کرکے رکھ چھوڑا،  پھر نگاہ اٹھا کر نہ دیکھا بلکہ اسے پڑھتے رہو دن رات کی گھڑیوں میں جیسے اس کے پڑھنے کاحق ہے اور اسے افشا کرو کہ خود پڑھو، لوگوں کو پڑھاؤ، یاد کراؤ، اس کے پڑھنے، یاد کرنے کی ترغیب دو، نہ یہ کہ جو پڑھے اور خدا اسے حفظ کی توفیق دے اس کو روکو اور منع کرو۔پھر فرماتے ہیں: ’’اس سے زیادہ نادان کون ہے جسے خدا ایسی ہمت بخشے(کہ وہ قرآن پاک حفظ کر لے) اور وہ اسے اپنے ہاتھ سے کھودے ؟اگرقدر اس کی جانتا اور جو ثواب اور درجات اس پر مَوعود ہیں ان سے واقف ہوتا تو اسے جان و دل سے زیادہ عزیزرکھتا۔“(فتاویٰ رضویہ، جلد23،صفحہ442-445،رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم