Hajr e Aswad Zameen Par Allah Ka Dast e Qudrat Hai Hadees Ka Hawala

حجر اسود زمین پر اللہ کا دست قدرت ہے، روایت کا حوالہ

مجیب:مولانا محمد سعید عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2764

تاریخ اجراء: 25ذیقعدۃالحرام1445 ھ/03جون2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   حجر اسود زمین پر اللہ کا  دست قدرت ہے، اس کے ذریعہ وہ اپنے بندوں سے مصافحہ فرماتا ہے،اس  طرح کی کوئی روایت کتب حدیث میں موجو دہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں ! کتب حدیث میں یہ روایت موجود ہے۔

   واضح رہے کہ اللہ رب العزت جسم و جسمانیت سےپاک ہے،حدیث پاک میں صرف بطور تمثیل ارشاد ہوا کہ حجر اسود کو چھونا  گویا  اللہ  سے مصافحہ  کرنے کے مترادف ہے،یہاں حقیقی ہاتھ اور حقیقی مصافحہ مراد نہیں ہے۔

   صحیح ابن خزیمہ میں حضرت عبد اللہ ابن عمرو رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت  ہے ،سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجر اسود کے متعلق ارشاد فرمایا:” وهو يمين اللہ التي يصافح بها خلقه“حجر اسود اللہ رب العزت کا دایاں دست قدرت ہے،جس کے ذریعہ وہ اپنی مخلوق سے مصافحہ کرتا ہے۔(صحیح ابن خزیمہ،ج02، ص1294، رقم:2737، المکتب الاسلامی)

   مرقاۃ المفاتیح میں اس کی مزید تخاریج کے حوالے سے ہے:”( الحجر يمين اللہ في الأرض يصافح بها عباده ) رواه الخطيب وابن عساكر عن جابر مرفوعاً ، وروى الديلمي في مسند الفردس عن أنس مرفوعا“ حجر اسود زمین پر اللہ کا دایاں دست قدرت ہے،جس کے ذریعہ وہ اپنے بندوں سے مصافحہ کرتا ہے،اسے خطیب اور ابن عساکر نے حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے مرفوعا روایت کیا،نیز دیلمی نے مسند الفردوس میں حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے مرفوعا روایت کیا۔(مرقاۃ المفاتیح،کتاب المناسک،ج05،ص1796،دار الفکر،بیروت)

   معالم السنن میں ہے:” والمعنى أن من صافحه في الأرض كان له عند اللہ عهد فكان كالعهد تعقده الملوك بالمصافحة لمن يريد موالاته والاختصاص به۔۔۔فهذا كالتمثيل بذلك والتشبيه به“ ترجمہ : مطلب یہ ہےکہ ( جو حجر اسود کو چھوکر)زمین پر اللہ عزوجل سے مصافحہ کرتا ہے،تو اللہ رب العزت سے گویا وہ عہد کرتا ہے،جس طرح بادشاہ جس شخص سے محبت اورامتیازی سلوک روا رکھنا چاہے اس سے مصافحہ کرکے عہد کرتے ہیں تو یہ اس سے تشبیہ و تمثیل ہے۔(معالم السنن،02،ص 191،192،المطبعة العلمية ، حلب)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم