Ek Jagah Bethe Aayat e Sajdah Ki Takrar Ki To Kitne Sajda e Tilawat Wajib Honge ?

ایک ہی جگہ بیٹھے ہوئے آیتِ سجدہ کی تکرار کی تو کتنے سجدہ تلاوت کرنا ہوں گے؟

مجیب: ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر: Nor-12939

تاریخ اجراء: 17 محرم  الحرام1445 ھ/05اگست 2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ تلاوتِ قرآن کے دوران زید نے آیتِ سجدہ پڑھی جس میں اس سے کچھ غلطی ہوئی، جس پر زید  نے وہیں بیٹھے بیٹھے دو سے تین بار  اسی آیتِ سجدہ کو پڑھا۔ آپ سے معلوم یہ کرنا ہے کہ زید کو ایک ہی مرتبہ سجدہ تلاوت کرنا ہوگا؟ یا جتنی بار اس نے آیتِ سجدہ پڑھی اتنے ہی سجدہ تلاوت اسے ادا کرنا ہوں گے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر کوئی شخص ایک ہی مجلس میں ایک ہی آیتِ سجدہ کو بار بار پڑھ لے  تو ان سب کے لیے ایک ہی سجدہ تلاوت کرنا،  کافی ہے، لہذا پوچھی گئی صورت میں زیدپر ایک ہی سجدہ تلاوت واجب ہوگا۔

   ایک ہی مجلس میں ایک ہی آیتِ سجدہ کو بار بار پڑھنے سے ایک ہی سجدہ تلاوت کافی ہے۔ جیسا کہ تنویر الابصار مع الدر المختار  وغیرہ کتبِ فقہیہ میں مذکور ہے:”(و لو کررھا فی مجلسین، تکررت، و فی مجلس) واحد (لا) تتکرر بل کفتہ واحدۃ “ یعنی اگر کسی شخص نے دو مجلسوں میں آیتِ سجدہ کا تکرار کیا تو اس پر تکرار کے ساتھ سجدہ تلاوت واجب ہوں گے اور اگر ایک ہی مجلس میں اس نے آیتِ سجدہ کی تکرار کی تو  اس کے لیے ایک ہی سجدہ تلاوت کافی ہوگا۔(تنویر الابصار مع الدر المختار، کتاب الصلاۃ، ج 02، ص 114، مطبوعہ بیروت)

   تحفۃ الفقہاء میں  ہے:”إذا قرأ آية واحدة في مجلس واحد مرارا لا تجب إلا سجدة واحدة لأن في إيجاب التكرار في مجلس واحد إيقاع الناس في الحرج “یعنی جب کسی نے مجلس میں ایک ہی آیتِ سجدہ کو بار بار پڑھا تو اس پر ایک ہی سجدہ واجب ہوگا کیونکہ ایک ہی مجلس میں آیتِ سجدہ کی تکرار پر سجدہ تلاوت کو تکرار کے ساتھ واجب کرنے میں لوگوں کو حرج میں ڈالنا ہے۔ (تحفۃ الفقہاء ، کتاب الصلاۃس،  ج 01، ص 237،  دار الکتب العلمیہ، بیروت)

   مختصر القدوری  میں  مذکور ہے:”ومن كرر تلاوة سجدة واحدة في مجلس واحد أجزأته سجدة واحدة “یعنی جس نے ایک ہی مجلس میں کسی ایک  آیتِ سجدہ کی تکرار کی تو ان سب کے لیے ایک ہی سجدہ تلاوت کافی ہوگا۔ (مختصر القدوری مع اللباب، کتاب الصلاۃ،  ج 01، ص 51،  دار الكتاب العربي)

   بہار شریعت میں ہے:”ایک مجلس میں سجدہ کی ایک آیت کو بار بار پڑھا یا سنا ،تو ایک ہی سجدہ واجب ہوگا، اگرچہ چند شخصوں سے سنا ہو۔ يوہيں اگر آیت پڑھی اور وہی آیت دوسرے سے سنی بھی،  جب بھی ایک ہی سجدہ واجب ہوگا ۔ (بہارشریعت ، ج01، ص735، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم