Auliya Ko Dekh Kar Khuda Yaad Aata Hai Is Ka Hawala

اولیاء کو دیکھ کر خدا یاد آجاتا ہے اس کا حوالہ

مجیب: عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-1696

تاریخ اجراء: 10ذوالقعدۃالحرام1444 ھ/30مئی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   یہ جو کہا جاتا ہے کہ اللہ کے ولی کو دیکھ کر خدا یاد آجاتا ہے۔ اس کا حوالہ چاہیے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نبی کریم  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اللہ عزوجل کے اَولیاء کے بارے میں پوچھا گیا تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ  وسلم نے ارشاد فرمایا:” الذين إذا رءوا ذكر الله “یعنی (اَولیاءُ اللہ) وہ لوگ ہیں کہ جنہیں دیکھنے سے اللہ  عَزَّوَجَلَّ  یاد آجائے۔(السنن الکبریٰ للنسائی،کتاب التفسیر،ج10،ص124،حدیث:11171،مؤسسة الرسالة ، بيروت)

   اِس حدیثِ پاک کی شرح میں حضرتِ سیّدُنا علّامہ عبدُالرّءُوف مناوی علیہ رحمۃ اللہ القَوی فرماتے ہیں:”( وہ لوگ ہیں جنہیں دیکھنے سے اللہ یاد آجائے)یعنی اُن پر ایسی علامات ظاہر ہوتی ہیں کہ جو اللہ تعالٰی  کا ذِکْر یاد کروا دیتی ہیں،اگر اُن کی طرف نظر کی جائے تو بھلائی یاد آجاتی ہے اور اگر وہ کہیں تشریف لائیں تو (ان کو دیکھتے ہی) لوگوں کی زبانوں پر ذِکْر بھی جاری ہوجاتا ہے اور ایسا شخص  جو اپنے ربّ اور آخرت کو (ہمیشہ) پیشِ نظر رکھے جب وہ تجھ سے ملے گا تو اللہ تعالیٰ کے ذِکْر کے ساتھ ہی کلام کرے گا اور جو شخص اپنے نفس اور دنیا کا غلام ہو جب وہ تجھ سے ملے گا تو دُنیاوی کلام ہی کرے گا۔ لہٰذا جس شخص کے دل پہ جو کچھ آشکار ہوا ہے اُسی کے بارے میں تیرے ساتھ بات کرے گا(لہٰذا تم خبردار ہوجاؤ)۔“ (فیض القدیر،ج 3،ص 81،تحت الحدیث 2801، المكتبة التجارية الكبرى ، مصر)

   حضرت سیّدُنا علّامہ شرف الدّین حسین طِیْبی علیہ رحمۃ اللہ القَوی فرماتے ہیں: ” یہ حدیث دو باتوں کا اِحتِمال رکھتی ہے: (1)ایک یہ کہ وہ اللہ عزوجل کے ایسے خاص  لوگ ہوتے ہیں کہ جب اُن کی زیارت کی جاتی ہے تو زیارت کرنے والوں کو اللہ تعالٰی  یاد آجاتا ہےکیونکہ اُن میں عبادت کی علامات پائی جاتی ہیں۔ (2)دوسرا یہ کہ جو بھی اِن کو دیکھتا ہے وہ اللہ عزوجل  کا ذکر کرتا ہے۔(شرح الطیبی علی مشکاۃ المصابیح،ج 10،ص 3135، مكتبة نزار ،مصطفى الباز)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم