Shadi Shuda Aurat Ka Zina Ke Baad Zani Se Shadi Karna

شادی شدہ عورت کا زنا کے بعد زانی سے نکاح کرنا

مجیب: ابو الحسن جمیل احمد غوری عطاری

فتوی نمبر:Web-921

تاریخ اجراء:15شوال المکرم 1444 ھ/06مئ2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   شادی شدہ عورت کسی اجنبی مرد سے زنا کر لے ، پھر اسی مرد سے نکاح کرنا چاہے تو کر سکتی ہے یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   زناکرنا سخت ناجائز و حرام  ہے، ایسا کرنے والے پر لازم  ہے کہ اللہ تعالیٰ  کی بارگاہ میں سچی توبہ کرکے آئندہ اس فعل سے باز رہنے کی پکی نیت کرے۔

   البتہ اگر ایسے مرد و عورت  جن سے باہم یہ فعل سر زد ہوا ہے، وہ آپس میں نکاح کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں جبکہ عورت پہلے سےکسی کے نکاح میں نہ  ہواور  ان کے مابین  نکاح سے ممانعت کی کوئی وجہ (مثلاً کوئی نسبی یا رضاعی رشتہ) بھی  نہ ہو۔

   خیال رہے کہ  شادی شدہ عورت اگر کسی اجنبی مرد سے زنا کرلے، تو اس سے اس کا نکاح ختم نہیں ہوجاتا، بلکہ وہ  اپنے شوہر کے نکاح میں ہی رہتی ہے، لہذا اگر شوہر کی وفات نہ ہوئی ہو اور نہ ہی ا س نے  طلاق دی ہو تو اس صورت میں اس عورت کا کسی اور شخص سے نکاح کرنا  (خواہ زانی ہو یا کوئی اور) سخت ناجائز و حرام ہے،ایسا نکاح باطل ہوگا۔  

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم