Kya Jinnat Se Insano Ka Nikah Ho Sakta Hai ?

کیا جنات سے انسانوں کا نکاح ہوسکتا ہے؟

مجیب: فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-538

تاریخ اجراء: 13ربیع لاول1444 ھ  /10اکتوبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا انسانوں کا جنات  سے  نکاح ہوسکتاہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی نہیں! مرد کانکاح عورت سےاور عورت کانکاح مردسے ہی ہوسکتاہے،کسی بھی انسان کا نکاح غیرانسان مثلاً جنات سے نہیں ہوسکتا۔

   خاتم المحققین علامہ محمد امین ابن عابدین المعروف علامہ شامی تحریر فرماتے ہیں : ’’لاتجوزالمناکحۃبین بنی آدم والجن وانسان الماءلاختلاف الجنس‘‘یعنی جنس کے اختلاف کی وجہ سے کسی بھی آدمی کا جن یاپانی کے انسان سے نکاح کرنا،جائزنہیں ۔

   مزید فرماتے ہیں :’’الاصح انہ لایصح نکاح آدمی جنیۃ ،کعکسہ لاختلاف الجنس فکانو کبقیۃ الحیوان ‘‘یعنی اصح قول یہی ہے کہ جنس کے مختلف  ہونےکی وجہ سے  مرد کا جنیہ سےنکاح جائز نہیں ہے جیسےاس کاعکس (یعنی عورت کاجن سے نکاح جائزنہیں)،لہذا نکاح کے معاملے میں جنات دیگرحیوانات کی طرح ہیں۔(ردالمحتار ،جلد 4 ،صفحہ68تا 70، مطبوعہ: کوئٹہ)

   صدر الشریعہ بدرالطریقہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں :’’ مردکا پری سے یاعورت کاجن سے نکاح نہیں ہو سکتا۔‘‘(بہارشریعت ،جلد3،صفحہ،413  ،مکتبۃالمدینہ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

ٹیگز : jin insan jinnat nikah shadi