Surah Fatiha Ke Baad Surat Milane Se Pehle Tasmiya Parhna

سورہ فاتحہ کے بعد سورت ملانے سے پہلے بسم اللہ پڑھنا

مجیب: مولانا سید مسعود علی عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1064

تاریخ اجراء: 13صفرالمظفر1445 ھ/31اگست2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   نماز میں ایک رکعت کے اندر سورہ فاتحہ سے پہلے بسم اللہ پڑھی اور سورت ملانے سے پہلے آمین کے بعد پھر پڑھی تو کیا یہ دو بار پڑھنا درست ہے جبکہ اس کی عادت بنی ہوئی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   امام ہو یا منفرد(تنہا نماز پڑھنے والا) دونوں کےلئے تمام رکعتوں میں سورہ فاتحہ سے پہلے بسم اللہ  پڑھنا مسنون یعنی سنت ہے اورسورہ فاتحہ کے بعد اگر سورت شروع سے پڑھنی ہوتو بسم اللہ پڑھنامستحسن  یعنی اچھا عمل ہے۔ البتہ مقتدی یعنی امام کے پیچھے نماز پڑھنے والا قراءت نہیں کرے گا اور بسم اللہ شریف بھی نہیں پڑھےگا۔

   بہارشریعت میں ہے:’’تعوذ صرف پہلی رکعت میں ہے اور تسمیہ ہر رکعت کے اوّل میں مسنون ہے۔ فاتحہ کے بعد اگر اوّل سورت شروع کی تو سورت پڑھتے وقت بسم اﷲ پڑھنا مستحسن ہے، قراء ت خواہ سری ہو یا جہری، مگر بسم اﷲ بہرحال آہستہ پڑھی جائے۔“(بہارشریعت ،جلد1،صفحہ423،مکتبۃالمدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم