Surah Fatiha Ke Baad Surat Milana Bhool Gaye Aur Ruku Mein Yaad Aaya To Kya Hukum Hai?

سورہ فاتحہ کے بعد سورت ملانا بھول گئے اور رکوع میں یاد آیا ، تو اب کیا حکم ہے ؟

مجیب:ابو محمد محمدسرفراز اخترعطاری

مصدق:مفتی فضیل رضا عطاری

فتوی نمبر:Har-5060

تاریخ اجراء:24 جمادی الاولی 1442ھ/09جنوری2021ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائےدین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ جہاں سورت فاتحہ کے بعد سورت ملانا واجب ہے،اگر سورت ملانا بھول گئے اور رکوع میں یاد آیا، تو واپس  لوٹ کر قراءت مکمل کرنے کا لکھا ہوتا ہے۔اس کا درجہ کیا ہے یعنی لوٹنا واجب  و ضروری ہے یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   فاتحہ کے بعد جہاں سورت ملانا واجب ہے،اگر بھولے سے نہ ملائی اور رکوع یا قومہ میں یاد آگیا ،توواجب ہے کہ واپس لوٹے ، سورت ملائے اور رکوع بھی دوبارہ کرے اور آخر میں سجدہ سہو بھی کرے،اس طرح اس کی نماز مکمل ہوجائے گی۔ رکوع میں یاد آجانے کے باوجود اگر نہ لوٹا ،تو جان بوجھ کر واجب چھوڑنے کی وجہ سے نماز واجب الاعادہ ہوگی، یعنی  دوبارہ پڑھنا واجب ہوگا اورسجدہ سہو کفایت نہیں کرےگااور یاد رہے کہ اگر لوٹا تو سہی،مگرقراءت مکمل کرنے کے بعد  رکوع دوبارہ نہ کیا، تو نماز فاسد ہوجائے گی، کیونکہ رکوع دوبارہ کرنا فرض ہے۔

   فاتحہ کے بعد سورت چھوٹ جانے کے متعلق درمختارو رد المحتار  میں ہے:’’(لو تذکرھا) ای:السورۃ (فی رکوعہ قراءھا) ای:بعد عودہ الی القیام( و اعاد الرکوع) حتی لو لم یعدہ تفسد صلاتہ۔ملخصا‘‘اگر سورت اسے رکوع میں یاد آگئی، تو اسے پڑھے گا یعنی قیام میں لوٹنے کےبعد  اور رکوع دوبارہ کرے گا،یہاں تک کہ  اگر اس نے  رکوع دوبارہ نہ کیا تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی۔(درمختار و رد المحتار،ج2،ص311،مطبوعہ  کوئٹہ)

   سیدی اعلی حضرت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں:’’اگر سجدہ کو جانے سے پہلے رکوع میں خواہ قومہ بعد الرکوع میں یاد آجائیں ،تو واجب ہے کہ قراءت پوری کر ے اور رکوع کا پھر اعادہ کرے ،اگر قراءت پوری نہ کی تو اب پھر قصداً ترک واجب ہوگا اور نماز کا اعادہ کرنا پڑے گا۔ملخصا‘‘(فتاوی رضویہ،ج6،ص330، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

   بہار شریعت میں ہے:’’سورت ملانا بھول گیا،رکوع میں یاد آیا، تو کھڑا ہو جائے اور سورت ملائے پھر رکوع کرے اور اخیر میں سجدہ سہو کرے ،اگر رکوع دوبارہ نہ کرے گا تو نماز نہیں ہوگی۔‘‘(بھار شریعت،ج1،ص545،مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم