Sunnaton Ki Qaza Hai Ya Nahin ?

سنتوں کی قضا ہے یا نہیں؟

مجیب:مولانا محمد ابوبکر عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2771

تاریخ اجراء: 27ذیقعدۃالحرام1445 ھ/05جون2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر ظہر کی نماز  رہ جائے اور بعد میں قضا پڑھنی ہو تو چار رکعت پڑھنا ہوں گی یا بارہ رکعت؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر نماز رہ جائے تو بعد میں اس  کی قضا کرتے وقت صرف فرض  وواجب کی قضا کی جائے گی  سنن و نوافل کی نہیں ، البتہ فجر کی قضا اگر  اسی دن وقت زوال سے پہلے پڑھی تو ساتھ فجر کی سنتوں کی قضا بھی کی جائے گی ورنہ صرف فرضوں کی قضاہوگی۔اور  اگر کسی کی عشاء کی نماز رہ گئی تو اس صورت میں فرائض کے ساتھ ساتھ وتر کی قضا بھی لازم ہوگی۔نیز اگر نماز بلاعذرشرعی، جان بوجھ کر چھوڑی تو اس گناہ سے توبہ کرنا بھی لازم ہوگی۔اس تفصیل کے مطابق ظہرکی نماز اگرقضاہوگئی توتوبہ کے ساتھ ساتھ صرف چاررکعات فرض کی قضاکرناہوگی ،بقیہ سنن ونوافل کی قضانہیں ۔

   بحر الرائق میں ہے” ولم تقض إلا تبعا قبل الزوال ۔۔۔ وقيد بسنة الفجر لأن سائر السنن لا تقضى بعد الوقت لا تبعا ولا مقصودا“ترجمہ:فجر کی سنتوں کی قضا نہیں پڑھی جائے گی ،ہاں فرض بھی قضا ہوگئے ہوں تو زوال سے پہلے پہلے فرضوں کے ساتھ ساتھ سنتوں کی قضا بھی  پڑھی جائے گی،اور مصنف نے فجر کی سنتوں کی قید لگائی کیونکہ بقیہ ساری سنتوں کی وقت گزر جانے کے بعد نہ تو تبعاً قضا ہے یا مقصودی طور پر۔(بحر الرائق،کتاب الصلاۃ،ج 2،ص 80، دار الكتاب الإسلامي)

   بہار شریعت میں ہے” فجر کی نماز قضا ہوگئی اور زوال سے پہلے پڑھ لی تو سنتیں بھی پڑھے ورنہ نہیں علاوہ فجر کے اور سنتیں قضا ہوگئیں تو ان کی قضا نہیں۔"(بہار شریعت،ج 1،حصہ 4،ص 664،مکتبۃ المدینہ)

   فتاوی ہندیہ میں ہے” ويجب القضاء بتركه ناسيا أو عامدا وإن طالت المدة ولا يجوز بدون نية الوتر. كذا في الكفاية “وتر بھول سے چھوٹ گئے ہوں یا جان بوجھ کر چھوڑے ہوں بہرصورت ان کی قضا واجب ہے اگرچہ کتنی ہی مدت گزر جائے اور وتر کی قضا ،وتر کی نیت کے بغیر جائز نہیں جیسا کہ کفایہ میں ہے۔(فتاوی ھندیۃ،کتاب الصلاۃ،ج 1،ص 111،دار الفکر،بیروت)

   بہار شریعت میں ہے”    وتر واجب ہے اگر سہواً یا قصداً نہ پڑھا تو قضا واجب ہے۔      "(بہار شریعت،ج 1،حصہ 4،ص 653، مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم