Sunnat e Ghair Muakkadah Ke Pehle Qaida Me Durood Ibrahimi Aur Dua Masura Parhne Ka Hukum

سنتِ غیر مؤکدہ کے پہلے قعدہ میں درودِ ابراہیمی اور  دعائے ماثورہ پڑھنے کا حکم

مجیب: فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-494

تاریخ اجراء:       18صفررالمظفر1444 ھ  /15ستمبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   سنت غیر مؤکدہ کی تیسری رکعت کے شروع میں ثناء وتعوذپڑھناسنت  موکدہ ہے یانہیں ؟اس کو چھوڑنے والاگناہ گارہوگایانہیں ؟ نیز قعدہ اولی میں تشہد کے بعد دردو پاک  و دعائے ماثورہ نہ پڑھنے والاگناہ گارہوگایانہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سنت غیرموکدہ  کی تیسری رکعت کے شروع میں ثناء وتعوذ پڑھناسنت موکدہ نہیں ، بلکہ مستحب ہے ۔یونہی  قعدہ اولی میں التحیات کے بعد درود پاک ،اوردعاپڑھنابھی سنت موکدہ نہیں ، لہٰذا انھیں چھوڑنے کی عادت بنانے والاشخص گناہ گارنہیں ہوگاالبتہ بہترہے کہ ان سب کو پڑھاجائے۔

   سنت غیر موکدہ اور نوافل کی تیسری رکعت میں ثنا پڑھنے کا حکم بیان کرتے ہوئے حلبۃ المجلی میں ہے: ”فقام من القعدۃ الاولیٰ الی الرکعۃ الثالثۃ فانہ یستحب لہ ان یبتدی الثالثۃ بالاستفتاح والتعوذ۔۔۔۔فی الاربع قبل الظھروالجمعۃ ۔۔لایصلی علی النبی فی القعدۃ الاولی ولایستفتح اذا قام الی الثالثۃ بخلاف سائر ذوات الاربع من النوافل“یعنی جب نمازی سنت غیر موکدہ کے قعدہ اولیٰ کے بعد تیسری رکعت کے لیے کھڑا ہو، تو اس کےلیے مستحب ہے کہ وہ تیسری رکعت کو ثناء اور تعوذ کے ساتھ شروع کرے۔ظہراورجمعہ سے پہلے کی چارکعتوں کے قعدہ اولی میں درود پاک نہیں پڑھے گااورتیسری رکعت میں ثناء بھی نہیں پڑھے گااس کے علاوہ چاررکعت والے تمام نوافل میں یہ پڑھے گا۔(حلبۃ المجلی، جلد2، صفحہ182،دارالکتب العلمیۃ، بیروت)

امامِ اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے نوافل وغیرہ کے پہلے قعدہ میں درود پاک و دعا پڑھنے کے متعلق سوال ہوا ، تو آپ رحمۃ اللہ علیہ نے ارشاد فرمایا:”پڑھنا بہتر ہے۔“(فتاوی رضویہ، جلد7، صفحہ 443، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم