Sana Se Pehle Tauz o Tasmiyah Parh Li To Ab Sana Parhe Ya Nahi ?

ثناء سے پہلے تعوذ و تسمیہ پڑھ لیں تو اب ثناء پڑھیں یا نہیں ؟

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1402

تاریخ اجراء: 27جمادی الثانی1445 ھ/10جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ثنا سے پہلے تعوذ و تسمیہ پڑھ لیا تو اب ثناء پڑھے یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   تکبیر تحریمہ کے بعد پہلے ثنا پھر تعوذ پھر تسمیہ پڑھنا سنت ہےاگر کسی نےتکبیر کے بعد تعوذ پڑھنا شروع کر دی تو اب ثنا نہ پڑھے اس سے سجدہ سہو وغیرہ لازم نہیں ہو گا اور اس کی نماز بھی ہو جائے گی نیز یہ بھی یاد رہے کہ ثنا پڑھنا سنت مؤکدہ ہے، بلا عذر اس کے چھوڑنے کی عادت بنانا گناہ ہے۔

   بہار شریعت میں نماز کی سنتیں بیان کرتے ہوئے صاحب بہار شریعت مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:”  (۱۳) ثنا و     (۱۴) تعوذ و(۱۵) تسمیہ و     (۱۶) آمین کہنا اور     (۱۷) ان سب کا آہستہ ہونا     (۱۸) پہلے ثنا پڑھے ۔(۱۹) پھر تعوذ (۲۰) پھر تسمیہ ۔“

   مزید فرماتے ہیں:”اگر ثنا و تعوذ و تسمیہ پڑھنا بھول گیا اور قراء ت شروع کر دی تو اعادہ نہ کرے کہ ان کا محل ہی فوت ہوگیا، یوہیں اگر ثنا پڑھنا بھول گیا اور تعوذ شروع کر دیا تو ثنا کا اعادہ نہیں۔ “(بھار شریعت،جلد1،صفحہ522، 524، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم