Sajda Shukr Me Dua Mangne Ka Hukum

سجدہ شکر میں دعا مانگنے کا حکم

مجیب: ابو مصطفیٰ محمد ماجد رضا  عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-667

تاریخ اجراء: 08ربیع الثانی1444 ھ  /04نومبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا سجدۂ شکر میں دعا مانگ سکتے ہیں؟ اور دعا عربی میں مانگناضروری ہے یا اردو میں بھی مانگ سکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اللہ عزوجل کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کی نیت سے یادعا کی توفیق ملنے پر شکربجالانے کی نیت سے سجدہ ادا کرنا، جائز ہے  ۔ پھر اس میں جو چاہے،جس زبان میں چاہے دعا کرے  اورحالتِ سجدہ میں کی جانے والی دعا قبولیت میں بلاشبہ خاص تاثیر رکھتی ہے کہ اس حالت میں بندے کو اللہ عزوجل کی بارگاہ میں زیادہ قرب نصیب ہوتا ہےاوراس بناء پردعاؤں کی قبولیت کی امید زیادہ  بڑھ جاتی ہے ۔

   ”احسن الوعاء لآداب الدعاء “میں  ہے”ادب ۱۰، ۱۱، ۱۲:دعا کے وقت باوضو، قبلہ رُو، مُؤدّب (با ادب) دو زانو بیٹھے یا گھٹنوں کے بل کھڑا ہو۔قال الرضا: یا بہ نیتِ شکرِ توفیقِ دعا والتجاء اِلَی اللہ، سجدہ کرے کہ یہ صورت سب سے زیادہ قُربِ رب کی ہے، قالہ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم۔“(یعنی یہ بات اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمائی ہے ۔)(فضائل دعا،صفحہ 62، مکتبۃالمدینۃ،کراچی)