رکوع سے اٹھنے کے بعد کیا کلمات پڑھیں؟ |
مجیب:مولانا حسان صاحب زید مجدہ |
مصدق:مفتی فضیل صاحب مدظلہ العالی |
فتوی نمبر:Kan-14548 |
تاریخ اجراء:09ربیع الاول1441ھ/07نومبر2019ء |
دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت |
(دعوت اسلامی) |
سوال |
کیا فرماتے ہیں علمائے دین
ومفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ بعض لوگ جب رکوع سے
کھڑے ہوتے ہیں ، تو ’’ربنا لك الحمد‘‘ پڑھتے ہیں اور بعض لوگ ’’ربنا
ولك الحمد‘‘ پڑھتے ہیں ۔ برائے کرم اصلاح فرمائیں کہ صحیح
کلمات کیا ہیں ؟ سائل: محمد اقبال (بہادر آباد) |
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ |
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ |
دونوں طرح کے الفاظ درست ہیں ، دونوں
سے سنت ادا ہوجائیگی ، البتہ بہتر یہ ہے کہ ’’ اللھم ربنا ولک الحمد ‘‘ پڑھیں۔ قومہ کی حمد میں چار طرح کے الفاظ
منقول ہیں : سب سے افضل ’’ اللھم
ربنا ولک الحمد ‘‘ہے یعنی’’ اللھم‘‘ اور ” واؤ “ دونوں کے ساتھ، پھر ’’ اللھم
ربنا لک الحمد ‘‘ یعنی واؤ کے بغیر ، پھر
’’ربنا ولک الحمد ‘‘ یعنی کلمہ’’اللھم‘‘ کے بغیر پھر ’’ربنا
لک الحمد‘‘ یعنی ’’ اللھم‘‘ اور واؤ کے بغیر ۔ علامہ ابن نجیم مصری رحمۃ
اللہ تعالی علیہ لکھتے ہیں:’’ والمراد بالتحمید واحد من اربعۃ الفاظ،
افضلھا اللھم ربنا ولک الحمد، کما فی المجتبی ، ویلیہ اللھم
ربنا لک الحمد ،ویلیہ ربنا ولک الحمد ويليه ربنا لک الحمد “ یعنی قومہ میں
حمد کرنے سے مراد چار طرح کے الفاظ میں سے کوئی ایک طرح کے الفاظ
پڑھنا ہے : ان میں سے افضل ” اللھم
ربنا ولک الحمد “ ہے جیسا کہ مجتبی میں
ہے اس کے بعد” اللھم ربنا لک الحمد “ہے، اس کے بعد’’ ربنا ولک الحمد ‘‘ہے اور اس کے بعد’’ربنا لک الحمد‘‘ہے۔ ( البحر الرائق ، جلد 1 ، صفحہ 553 ،
مطبوعہ کوئٹہ) علامہ عالم بن علاء اندرپتی رحمۃ
اللہ تعالی علیہ فتاوی تاتار خانیہ میں لکھتے ہیں
:’’ وفی الکافی
: صفۃ التحمید ربنا لک الحمد ،ربنا ولک الحمد ، اللھم ربنا لک الحمد
، اللھم ربنا ولک الحمد،وھو الاحسن ،والکل منقول عن رسول اللہ صلی اللہ تعالی
علیہ وآلہ وسلم‘‘ یعنی کافی میں
ہے کہ تحمید کی صفت اس طرح ہے:’’ربنا لک الحمد ،ربنا ولک الحمد ،اللھم ربنا لک الحمد ، اللھم
ربنا ولک الحمد‘‘اور یہ آخری بہت اچھا
ہے اور تمام الفاظ رسول اللہ صلی
اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم سے منقول ہیں ۔ (فتاوی تاتار خانیہ
، جلد 1 ، صفحہ 539 ، مطبوعہ کراچی) بہار شریعت میں ہے:’’ربنا لک الحمد
سے بھی سنت ادا ہوجاتی ہے مگر واؤ ہونا بہتر ہے اور اللھم ہونا اس سے
بہتر اور سب میں بہتر یہ ہے کہ دونوں ہوں۔ ‘‘ (بهار شریعت ، حصہ 3 ، صفحہ 527 ، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ) |
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم |
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟