Qaza Namaz Parhne Wale Ke Liye Takbeerat e Tashreeq Kehne Ka Hukum

قضا نماز پڑھنے والے کے لئے تکبیرات تشریق کہنے کا حکم

مجیب:مولانا محمد ماجد علی مدنی

فتوی نمبر: WAT-2847

تاریخ اجراء: 14ذوالحجۃالحرام1445 ھ/01جولائی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کوئی  منفردشخص ایام تشریق میں  کوئی   قضا نماز پڑھے تو  اس پر  اس   قضا نماز کے بعد تکبیرات  تشریق کہنا واجب  ہے یا  نہیں   ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ایام تشریق میں اگر سابقہ قضا نماز پڑھ رہا ہے تو ا س پر تکبیرات کہنا واجب نہیں، البتہ انہیں ایام میں ہونے والی قضا نماز جب اسی سال انہیں ایام میں ادا کر رہا ہو توجماعت سے اداکرنے کی صورت میں تکبیرات واجب ہیں اور منفرد ہونے کی صورت میں تکبیرات  کہہ لینا بہتر ہے۔

   رد المحتار  میں ہے” والمسألة رباعية فائتة غير العيد قضاها في أيام العيد ،فائتة أيام العيد قضاها في غير أيام العيد ،فائتة أيام العيد قضاها في أيام العيد من عام آخر ،فائتة أيام العيد قضاها في أيام العيد من عامه ذلك، ولا يكبر إلا في الأخير فقط كذا في البحر"  ترجمہ  :مسئلہ کی چار صورتیں ہیں ،(۱) عید کے دنوں کے علاوہ   میں فوت ہونے والی  نماز،  عید کے دنوں میں قضا کرے(۲) عید  کے دنوں   میں فوت ہونے والی نماز، عید کے دنوں کے علاوہ میں  قضا کرے (۳)  عید کے دنوں  میں فوت  ہونےوالی نماز  کسی اور سال   کے عید کے دنوں میں قضا  کرے (۴)عید کے دنوں میں فوت  ہونے والی نماز، اسی سال عید کے دنوں میں قضا  کرے اور نمازی  صرف آخری صورت میں  تکبیر کہے گا ،اسی طرح"بحر الرائق " میں ہے ۔(رد المحتار ، باب العیدین ،جلد02،صفحہ 179،دارالفکر ،بیروت) بہار شریعت میں ہے ” اور دِنوں  میں  نماز قضا ہوگئی تھی ایّام تشریق میں  اس کی قضا پڑھی تو تکبیر واجب نہیں ۔ یوہیں  ان دنوں  کی نمازیں  اور دنوں  میں  پڑھیں  جب بھی واجب نہیں ۔ یوہیں  سال گذشتہ کے ایّام تشریق کی قضا نمازیں  اس سال کے ایّام تشریق میں  پڑھے جب بھی واجب نہیں ، ہاں  اگر اسی سال کے ایّام تشریق کی قضا نمازیں  اسی سال کے انھیں  دنوں  میں  جماعت سے پڑھے تو واجب ہے۔منفرد پر تکبیر واجب نہیں ۔  مگر منفرد بھی کہہ لے کہ صاحبین کے نزدیک اس پر بھی واجب ہے۔"(بہار شریعت ،ج 01،حصہ 4،ص 786،مکتبۃ المدینہ ،کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم