Namaz Se Pehle Imam Apne Musafir Hone Ka Elaan Karna Bhool Gaya To

نماز سے پہلے امام اپنے مسافر ہونے کا اعلان کرنا بھول گیا، نماز میں یاد آیا تو۔۔۔

مجیب:مفتی ابومحمد  علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر:138

تاریخ اجراء: 12رجب المرجب1441ھ/08مارچ2020ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارےمیں کہ امام مسافر تھا نماز کی نیت کرلی، لیکن نماز کے شروع میں مسافر ہونے کا اعلان کرنا یاد نہیں رہا ،نماز کے دوران یاد آیا تو اب کیا کرے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   امام اگر مسافر ہو، تو اسے چاہیے کہ نماز کے شروع میں اپنے مسافر ہونے کا اعلان کردے اور اگر شروع میں اعلان نہ کیا ہو، تو سلام پھیرنے کے بعد اعلان کردے کہ اپنی نمازپوری کر لیں میں مسافر ہوں، اور اگر مسافر امام نماز کے شروع میں اعلان کر دے ،جب بھی بہتر یہ ہے کہ نماز کے بعد دوبارہ اعلان کر دے کہ جو لوگ اس وقت موجود نہ تھے،انہيں بھی معلوم ہو جائے۔

   امام کا اپنے مسافر ہونے کی خبر دینے کے متعلق در مختار میں ہے:”وفي شرح الإرشاد ينبغي أن يخبرهم قبل شروعه وإلا فبعد سلامه (أن يقول) بعد التسليمتين في الأصح أتموا صلاتكم فإني مسافر ) لدفع توهم أنه سها“یعنی:شرح ارشاد میں ہے کہ مسافر امام نمازشروع  کرنے سے پہلےلوگوں کو اپنے مسافر ہونے کی خبر دے دے اور اگر شروع میں خبر نہ دی ہو، تو سلام پھیرنے کے بعد خبر دے دے اصح قول کے مطابق دونوں طرف سلام پھیرنے کے بعد وہ یوں کہے کہ اپنی نماز پوری کرلو کہ میں مسافر ہوں یہ اعلان کرنا اس وجہ سے ہے کہ نمازیوں کا یہ وہم دور ہوجائے کہ امام سے سہو واقع ہوا۔)در مختار مع رد المحتار،جلد 02، صفحہ 736،مطبوعہ کوئٹہ(

   بہار شریعت میں ہے:”یہ پہلے معلوم ہو چکا ہے کہ حکم صحت اقتدا کے ليے شرط ہے کہ امام کا مقیم یا مسافر ہونا معلوم ہو ،خواہ نماز شروع کرتے وقت معلوم ہوا ہو یا بعد میں، لہٰذا امام کو چاہيے کہ شروع کرتے وقت اپنا مسافر ہونا ظاہر کر دے اور شروع میں نہ کہا، تو بعد نماز کہہ دے کہ اپنی نمازیں پوری کر لو میں مسافر ہوں۔اور شروع میں کہہ دیا ہے جب بھی بعد میں کہہ دے کہ جو لوگ اس وقت موجود نہ تھے ،انہيں بھی معلوم ہو جائے۔(بہار شریعت ،جلد 1، صفحہ 749،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم