Namaz Roze Ke Fidye Mein Kapre Dena Kaisa Hai ?

نماز، روزے کے فدیہ میں کپڑے دینا کیسا ہے ؟

مجیب: ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-1563

تاریخ اجراء: 16رمضان المبارک1444 ھ/07اپریل2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کپڑے فدیہ میں دئیے جاسکتے ہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

      جی ہاں! کپڑے بھی فدیہ میں دئیے جاسکتے ہیں اورفدیہ میں کپڑوں کی اس قیمت کالحاظ ہوگاجو فدیہ دیتے وقت مارکیٹ میں ان کی قیمت ہو۔اوراس کی تفصیل یوں ہوگی کہ فدیہ لازم آنے والے دن میں  جتنی  مثلاگندم لازم ہوئی ،اس دن اس کی جومارکیٹ میں قیمت ہے،اتنی قیمت کاکپڑاوغیرہ شرعی فقیرکودے دیاجائے توفدیہ اداہوجائے گا۔

   امام اہلسنت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ سے سوال ہوا کہ:

    "(فدیہ میں) غلّہ دینا بہتر ہے یا اس کی قیمت باندھ کر جو اُس زمانہ میں نرخِ بازار ہو، کون زیادہ مناسب ہے؟اور نقد روپیہ کا بھی کل وہی حکم ہے جو غلّہ کا ہے یا فرق ہے؟"

   تو آپ نے جواباً ارشاد فرمایا:" قیمت افضل ہے مگر قحط میں کھانا دینا بہتر۔۔۔ ۔۔۔قیمت میں نرخ بازار آج کا معتبر نہ ہوگا جس دن ادا کررہے ہیں بلکہ روز وجوب کا مثلاً اُس دن نیم صاع گندم کی قیمت دو آنے تھی آج ایک آنہ ہے  تو ایک آنہ کافی نہ ہوگا۔ دو آنے دینا لازم ، اور ایک آنہ تھی اب دوآنے ہوگئی تو دو آنے ضرور نہیں ایک آنہ کافی۔" (فتاوی رضویہ ،ج 10،ص 531،537،538،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم