Namaz Mein Surah Fatiha Ke Baad Dobara Surah Fatiha Parhna

نماز میں سورۂ فاتحہ کے بعد دوبارہ سورت ملانے کی نیت سے سورۂ فاتحہ پڑھنا

مجیب: مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1338

تاریخ اجراء: 25جمادی الثانی1445 ھ/08جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کوئی نماز میں سورہ فاتحہ پڑھنے کے بعد قراءت میں بھی سورہ فاتحہ پڑھے تو کیا ایک رکعت میں دو مرتبہ  سورہ فاتحہ پڑھ سکتا ہے، ایک مرتبہ  سورہ فاتحہ واجب کی نیت سے اور دوسری مرتبہ قرات کی نیت سے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   سورہ فاتحہ کے بعد بطورِ قراءت   دوبارہ سورہ فاتحہ نہیں پڑھ سکتے ، کیونکہ  اس سے سورہ فاتحہ کی  تکرار  لازم آتی ہے  اور سورہ فاتحہ کی تکرار جائز نہیں ،بلکہ  بھول کر ہو تو سجدہ سہو لازم ہوگا اور اگر جان بوجھ کر ہو نماز واجب الاعادہ ہوگی ۔

   فتاویٰ عالمگیری میں ہے: ’’لو کررھا فی الاولیین  یجب علیہ سجود السھو ‘‘ یعنی  نمازی نے اگر   پہلی دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ کو   مکرر پڑھا تو اس پر  سجدہ سہو  کرنا لازم ہے  ۔(فتاوی عالمگیری، جلد1،صفحہ 139، مطبوعہ:بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم