Namaz Mein Aayat Ya Surat Ki Takrar Se Kya Murad Hai?

نماز میں آیت یا سورت کی تکرار سے کیا مراد ہے ؟

مجیب: مولانا سید مسعود علی عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-968

تاریخ اجراء:16ذو  الحجۃلحرام1444 ھ/05جولائی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   نماز میں آیت یاسورت کی تکرار سے کیا مراد ہے ؟ایک دو رکعت والی نماز میں جو دو سورتیں پڑھی گئیں، تو کیا اگلی دو رکعتوں والی نماز میں ان سورتوں کے علاوہ کوئی اورسورتیں پڑھنی ہوں گی؟ اگر وہی سورتیں پڑھ لیں، تو کیا یہ تکرار کہلائے گی؟کیا ایک ہی سورت کو ہر رکعت میں نہیں پڑھ سکتے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نماز میں آیت یا سورت کی تکرار سے مراد یہ ہے کہ ایک رکعت میں  ایک ہی آیت یا سورت کو بار بار پڑھا جائے یا اسی نماز کی باقی رکعتوں میں بھی وہی آیت یا سورت پڑھی جائے ۔ اگر دو رکعتی نماز میں دو سورتیں پڑھ لی ہیں، تو  سلام پھیرنے کے بعد شروع کی جانے والی اگلی دو رکعتوں میں وہی سورتیں پڑھنا بلاکراہت جائز ہے ،البتہ مخصوص سورتوں کی عادت بنا لینا کہ وہی سورتیں ان رکعتوں میں پڑھی جائیں ، دوسری نہ پڑھی جائیں ، منع ہے ۔ کبھی کبھار سورتیں تبدیل کر کے بھی نماز ادا کر لینی چاہیے۔

     فرض نماز کی ہر رکعت میں بلاعذر ایک ہی سورت پڑھنا مکروہ تنزیہی ہےہاں اگر کوئی عذر ہو تو مکروہ نہیں، مثلاً دوسری کوئی سورت یاد ہی نہ ہو یا بر وقت یاد نہ آرہی ہو یا بلا قصد وہی پہلی سورت دوبارہ شروع کردی یا پہلی رکعت میں سورۂ ناس پڑھی ،تو اب دوسری میں بھی یہی پڑھے، جبکہ نفل نماز میں ایک ہی سورت کو ہر رکعت میں پڑھنے میں کوئی  حرج نہیں۔( ماخوذ از بہار شریعت، جلد 1،صفحہ548،549، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم