Namaz Ke Ilawa Dua Ke Liye Sajda Karne Ka Tareeqa

نماز کے باہر دعا کے لیے سجدہ کرنا اور اس کا طریقہ

مجیب:محمد عرفان مدنی عطاری

فتوی نمبر:WAT-1685

تاریخ اجراء: 06ذوالقعدۃالحرام1444 ھ/27مئی2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کوئی شخص نماز کے علاوہ  ،دعا مانگنے کے لیے سجدہ میں جائے اور اس میں ہتھیلیوں کو زمین پر رکھنے کے بجائے ان کا   رخ آسمان کی طرف کرکے دعا کرے،تو کیا اس انداز میں سجدہ کرکے دعا مانگ سکتے ہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

      دعا  مانگنے کے لیے سجدہ میں جانا    تو جائز ہے،اس میں کوئی  حرج نہیں ،  حدیث مبارکہ میں آتا ہے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا  کہ :"سجدے کی حالت میں انسان  اپنے رب کے زیادہ قریب ہوتا ہے  تو سجدے میں  زیادہ دعا مانگا کرو۔"اوراس سجدے میں  دعا ئیہ انداز میں یعنی ہتھیلیوں کا رخ آسمان کی طرف  رکھنے میں بھی کوئی حرج نہیں،لیکن  بہتر طریقہ یہی ہے کہ جس طرح فرض سجدوں میں ہتھیلیوں کو زمین پر رکھا جاتا ہے،اسی طرح اِس سجدے میں بھی ہتھیلیوں کو زمین  پر رکھے کہ سجدہ    کا مشروع طریقہ یہی ہے ،حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ  جب تم سجدہ کرو تو    ہتھیلیوں کو زمین پر رکھو۔ حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح  میں ہے:’’اذا سجد  بغير سبب...فلا مكروه ‘‘ ترجمہ:جو بغیر کسی سبب کے سجدہ کرے تو یہ  مکروہ نہیں ہے۔(حاشیۃ الطحاطوی علی مراقی الفلاح،صفحہ500،دار الکتب العلمیۃ ،بیروت)

      مسلم شریف کی حدیث مبارکہ ہے:’’عن ابی ھریرۃ:ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قال: اقرب ما یکون العبد  من ربہ وھو ساجد فاکثروا الدعا‘‘ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: سجدے کی حالت میں انسان رب کے زیادہ قریب ہوتا ہے ،لہذا سجدے میں زیادہ دعا مانگا کرو۔(صحیح مسلم ،صفحہ183،رقم الحدیث:215،دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

      مسلم شریف ہی کی حدیث مبارکہ ہے:’’قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:إِذَا سَجَدْتَ،فَضَعْ كَفَّيْكَ وَارْفَعْ مِرْفَقَيْك ‘‘ ترجمہ:حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب تو سجدہ کرے تو ہتھیلیوں کو زمین پر رکھ دے اور اپنی کہنیوں کو اٹھالے۔(صحیح مسلم ،صفحہ186،رقم الحدیث:234،دار الکتب العلمیہ بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم