Namaz Ke Baad Padhe Jane Wale Wazaif Farz Ke Baad Parhein Ya Sunnaton Ke Baad

نماز کے بعد پڑھے جانے والے وظائف فرض کے بعد پڑھیں یا بقیہ سنتوں کے بعد

مجیب: مولانا عابد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1181

تاریخ اجراء: 23جمادی الاول1445 ھ/08دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   نماز کے بعد پڑھنے کے جو وظائف ہوتے ہیں یہ ظہر ،مغرب اور عشاء کی نماز میں فرضوں کے بعد پڑھیں یا بقیہ سنتیں ادا کر نے کے بعد؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   فرضوں اور سنتوں کے درمیان طویل یعنی لمبے لمبے وظائف نہیں پڑھنے چاہییں ، ہاں مختصر  وظائف پڑھنے ،میں حرج نہیں۔

   امامِ اہلِ سنّت شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے سوال ہوا کہ جس فرض کے بعد سنت ہے،اس فرض کے بعد مناجات کرنا درست ہے  یا نہیں؟ تو اس کے جواب میں آپ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :”جائز و درست تو مطلقاً ہے ، مگر فصلِ طویل مکروہ تنزیہی و خلافِ اولیٰ ہے اور فصلِ قلیل میں اصلاً حرج نہیں ۔ دُرمختار فصل صفۃ الصلوٰۃ میں ہے : یکرہ تاخیر السنۃ الابقدر اللھم انت السلام الخ وقال الحلوانی لاباس بالفصل بالاوراد و اختارہ الکمال قال الحلبی ان ارید بالکراھۃ التنزیھیۃ ارتفع الخلاف قلت وفی حفظی حملہ علی القلیلۃ  سنّتوں کا مؤخر کرنا مکروہ ہے مگر اللھم انت اسلام الخ کی مقدار،حلوانی نے کہا اَوْرَادْ اور دعاؤں کی وجہ سے فصل (وقفہ) میں کوئی حرج نہیں علامہ کمال نے اسے مختار قرار دیا ہے، حلبی نے کہا کہ اگر کراہت سے مراد تنزیہی ہو،  تواختلاف ہی ختم ہوجاتا ہے،  میں کہتا ہوں مجھے یاد آتا ہے کہ حلوانی نے اسے اَوْرَادِ قلیلہ پر محمول کیا ہے۔ (ت) (فتاوی رضویہ، جلد 6،صفحہ 234۔235، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

   مزید دلائل دیتے ہوئے تحریر فرماتے ہیں:” اشعۃ اللمعات شرح مشکوٰۃ  باب الذکر بعد الصلوۃمیں ہے:” با ید دانست آنست کہ تقدیم روایت منافی نیست بعدیتے راکہ درباب بعض ادعیہ و اذکار دراحادیث واقع شدہ است ، کہ بخواند بعد از نمازِفجر و مغرب دہ بار لا الٰہ الا ﷲ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمد وھو علٰی کل شیئ قدیر(مختصراً) “یہاں اس بات کا جاننا ضروری ہے کہ پہلی روایت بعد والی روایت کے منافی نہیں  ، کیونکہ بعض دعاؤں اور اذکار کے بارے میں احادیث موجود ہیں ایک روایت میں ہے کہ نمازِ فجر اور مغرب کے بعد دس مرتبہ یہ کلمات پڑھے جائیں : اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں و ہ یکتا ہے ذات و صفات میں اسکا کوئی شریک نہیں ، سلطنت اسی کی ہے، حمد اسی کی ہے اور وہ ہر شے پرقادر ہے۔(ت)

   یہاں سے ظاہر ہوا کہ آیۃ الکرسی یا فرض مغرب کے بعد 10دس بار کلمۂ توحید پڑھنا فصلِ قلیل ہے۔“(فتاوی رضویہ، جلد 6،صفحہ 237، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم