مسافر کس مقام سے نماز میں قصر کرے گا؟ |
مجیب:مولانا عرفان صاحب زید مجدہ |
مصدق:مفتی ھاشم صاحب مدظلہ العالی |
فتوی نمبر:Lar:6406 |
تاریخ اجراء:21جمادی الثانی 1438ھ/21 مارچ 2017ء |
دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت |
(دعوت اسلامی) |
سوال |
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ (1)جب انسان شرعی مسافت کے ارادے سے گھرسے نکلے تووہ کس مقام سےنمازمیں قصرکی ابتداء کرے گا؟ (2)جوشرعی مسافت کے ارادے سے گھرسے نکلاوہ اگرراستے میں مثلا50کلومیڑفاصلہ طے کرنے کے بعد گاڑی تبدیل کرتاہے یاجاتے جاتے 50کلومیڑفاصلہ طے کرنے کے بعدکچھ دیررک کراپناکوئی کام کرتاہے جبکہ گھرسے نکلتےوقت اس کاارادہ شرعی مسافت تک جانے کاتھاتوایسی صورت میں قصرکے احکام باقی رہیں گے یانہیں؟اوراگروہ گھرسے شرعی مسافت کے ارادے سے نہیں نکلابلکہ گھرسے نکلتے وقت اس نے یہی نیت کہ میں ابھی 50کلومیڑفاصلے پرموجودفلاں مقام تک جارہاہوں وہاں اپناکام کروں گاپھروہاں سے آگے50کلومیڑجاناہے اس صورت میں وہ نمازوں میں قصرکرے گایانہیں ؟ سائل :رمضان(حافظ آباد) |
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ |
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ |
(1)مسافت شرعی کے ارادے سے نکلنے والاقصرکی ابتداء اس وقت سےکرے گاجب بستی کی آبادی سے باہر ہو جائے، شہرمیں ہے تو شہر سے، گاؤں میں ہے تو گاؤں سے اور شہر والے کے لیے یہ بھی ضرور ہے کہ شہر کے آس پاس جو آبادی شہر سے متصل ہے اس سے بھی باہر ہو جائے۔اسی طرح فنائے شہر یعنی شہر سے باہر جو جگہ شہر کے کاموں کے لیے ہو مثلاً قبرستان، گھوڑ دوڑ کا میدان، کوڑا پھینکنے کی جگہ اگر یہ شہر سے متصل ہو تو اس سے باہر ہو جانا ضروری ہے۔ اور اگرشہر و فنا کے درمیان فاصلہ ہو تو نہیں۔اورفاصلے سے مرادیہ ہے کہ درمیان میں کھیتی ہو یاجگہ خالی ہے توکم ازکم 300شرعی گز(دوسرے لفظوں میں 300قدم)کی مقدارہو۔اورفنائے شہر سے جو گاؤں متصل ہے شہر والے کے لیے اس گاؤں سے باہر ہو جانا ضرور نہیں۔ (2)اگرسفرشروع کرتے وقت شرعی مسافت کی نیت ہے تواب درمیان میں گاڑی تبدیل کرنے یاجاتے جاتےراہ میں ضمنی طورپرکسی کام کے کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گااوراگراس وقت نیت شرعی مسافت کی نہیں ہے بلکہ مثلا50کلومیٹرسفرکی نیت ہے تواب قصرنہیں کرے گااورپھراس مقام سے آگے بھی 50 کلومیٹرکی نیت ہے توپھراگلے سفرمیں بھی قصرنہیں کرے گا۔ |
وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم |
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟