مجیب:مفتی فضیل رضا عطاری
فتوی نمبر:Book-153
تاریخ اجراء:20جمادی الاولی1445ھ/05دسمبر2023ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ مسافر امام اپنے مسافر ہونے کااعلان کب کرے؟ نماز شروع کرتے وقت یا نماز مکمل کرنے کے بعد ؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
مسافر امام کو چاہیےکہ نمازشروع کرتے وقت اپنےمسافر ہونے کا اظہار کر دےاور شروع میں نہ کیا ،تو نماز کے بعد یوں کہہ دے کہ اپنی نمازیں پوری کر لو میں مسافر ہوں، بلکہ شروع میں اظہارکردیا ہو، تب بھی سلام کے بعد یہ کہہ دے اور اصح قول کے مطابق یہ بعد والا اعلان دونوں طرف سلام پھیر نے کے بعد کیا جائے گا۔
تنویر الابصار و در مختار میں ہے:"(وندب للامام)وفي شرح الإرشاد ينبغي أن يخبرهم قبل شروعه وإلا فبعد سلامه (أن يقول) بعد التسليمتين في الأصح«أتموا صلاتكم فإني مسافر)‘‘( مسافر)امام کےلیے مستحب ہے کہ اصح قول کے مطابق دونوں طرف سلام پھیرنے کے بعد یوں کہے کہ اپنی نماز پوری کرلو کہ میں مسافر ہوں اور شرح ارشاد میں ہے کہ نمازشروع کرنے سے پہلےلوگوں کو اپنے مسافرہونے کی خبر دے دے ورنہ سلام پھیرنے کے بعد خبر دے دے۔(تنویر الابصار ودر مختار مع رد المحتار،جلد02،صفحہ736،مطبوعہ کوئٹہ)
رد المحتار میں ہے:"قوله( في الأصح) وقيل بعد التسليمة الأولى"شارح رحمۃ اللہ علیہ کا ارشاد (اصح قول کے مطابق)اور ایک قول یہ ہے کہ ایک سلام کے بعد ۔ (رد المحتار،جلد02،صفحہ736،مطبوعہ کوئٹہ)
بہار شریعت میں ہے:" امام کو چاہيے کہ(نماز) شروع کرتے وقت اپنا مسافر ہونا ظاہر کر دے اور شروع میں نہ کہا، تو بعد نماز کہہ دے کہ اپنی نمازیں پوری کر لو میں مسافر ہوں اور شروع میں کہہ دیا ہے جب بھی بعد میں کہہ دے کہ جو لوگ اس وقت موجود نہ تھے انہيں بھی معلوم ہو جائے۔ (بہار شریعت ،جلد01،صفحہ749،مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟