Musafir Dusri Ya Teesri Rakat Mein Muqeem Imam Se Mila To Baqi Namaz Kaise Ada Kare ?

مسافر دوسری یا تیسری رکعت میں مقیم امام سے ملا تو باقی نماز ادا کرنے کا طریقہ

مجیب:مفتی فضیل رضا عطاری

فتوی نمبر:137

تاریخ اجراء: 21ذوالقعدۃ الحرام1428ھ/02دسمبر2007ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیافرماتےہیں علمائے دین ومفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارےمیں کہ اگر مسافر مقیم کی اقتداکرے یعنی دوسری یا تیسری رکعت میں مقیم امام سے ملے، تو اس صورت میں اسے مکمل نمازپڑھنی ہوگی یاقصر؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مسافر جب وقت نمازمیں مقیم امام کی اقتداکرے،تومسافرکےفرض بھی چارہوں گے، لہٰذا جب مسافردوسری رکعت میں ملے، تو امام کے سلام کے بعدایک رکعت پڑھےاور اگرتیسری میں ملے،تودورکعت پڑھے۔

   چنانچہ صدرالشریعہ بدر الطریقہ مفتی محمدامجدعلی اعظمی رحمۃاللہ علیہ ارشاد فرماتے ہیں :”وقت ختم ہونے کے بعدمسافرمقیم کی اقتدا نہیں کر سکتا، وقت میں کر سکتا ہے اور اس صورت میں مسافر کے فرض بھی چار ہوں گے،یہ حکم چار رکعتی نماز کا ہے اور جن نمازوں میں قصر نہیں، ان میں وقت و بعدِ وقت دونوں صورتوں میں اقتدا کر سکتا ہے وقت میں اقتدا کی نماز پوری کرنےسے پہلے وقت ختم ہوگیا،جب بھی اقتداصحیح ہے۔“(بہارشریعت، جلد 1، صفحہ 749، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم