Murgi Ka Kam Karne Wale Ke Liye Namaz Ki Adaigi Ka Hukum

مرغی کا کام کرنے والے کے لئے نمازکی ادائیگی کا حکم

مجیب: ابو الحسن جمیل احمد غوری العطاری

فتوی نمبر:Web-793

تاریخ اجراء:15جماد  ی الاوّل1444 ھ  /10دسمبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   میں مرغی کا کام کرتا ہوں اور مرغی ذبح کرتے ہوئےمیرے کپڑوں پر خون لگ جاتاہے، جس کی وجہ سے میں نماز ادا نہیں کر سکتا،اس صورت میں میرے لئے کیا حکم ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مرغی کے کام میں مرغی کا بوقتِ ذبح نکلا ہوا ناپاک خون کپڑوں پر لگ جانا، نماز چھوڑ دینے کا عذر  نہیں ،آپ پر فرض ہے کہ پاک کپڑے میں نماز وقت پر ادا کریں چاہے انہیں کپڑوں کو پاک کرلیں یا پاک کپڑے ساتھ رکھا کریں،نماز کے وقت ناپاک لباس اتار کر پاک لباس پہن لیا کریں۔اور اب تک جتنی نمازیں چھوڑیں،توبہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی قضا بھی فرض ہے۔

   یاد رہے کہ اگر کسی کی فرض نمازیں قضا ہوں ،تو حکم ہے کہ انہیں جلد سے جلد ادا  کر لے۔اس دوران بھی سننِ مؤکدہ  لازماً ادا کرتارہے  کہ شریعت میں ان کی بہت زیادہ  تاکیدآئی ہے،حتیٰ کہ جو شخص انہیں چھوڑنے کی عادت بنا لے، وہ گناہگار و فاسق ہے۔سننِ غیر مؤکدہ اور وہ  نوافل جن کے احادیث میں فضائل آئے ہیں جیسے  فرضوں کے بعدوالے نوافل، اشراق،چاشت،تہجد،تحیۃ المسجد،اوابین وغیرہ انہیں بھی پڑھ سکتا ہے، لیکن ان کے علاوہ زائد نوافل نہ پڑھے ،بلکہ ان کے بجائے قضا نمازیں پڑھے کہ قضا نمازیں زیادہ اہم ہیں،کیونکہ نوافل نہ پڑھنے پر کوئی سزا  نہیں، لیکن قضا نمازیں ذمے پر باقی رہیں تو آدمی عذاب کا مستحق ہو گا۔ نیز  جب تک فرض ذمہ پر باقی ہوتا ہے نفل قبول نہیں ہوتا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم