مجیب:مولانا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3080
تاریخ اجراء: 13ربیع الاول1446 ھ/18ستمبر2024 ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا امام کے رکوع سے اٹھنے کے بعد رکعت ختم ہوجاتی ہے، یاالتحیات میں بیٹھنے کے بعد ختم ہوتی ہے ؟یعنی مقتدی امام کے ساتھ کس وقت شریک ہوتو اسے رکعت پانے والا شمار کیا جائے گا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
احادیث مبارکہ اور فقہائے کرام کی وضاحت کی روشنی میں مقتدی رکعت پانے والا تب ہی قرار پائے گا، جب امام کے رکوع سے اٹھنے سے پہلے اس کے ساتھ اس حالت میں شامل ہوجائے ،جس میں امام ہے مثلااگرامام قیام میں ہے توقیام میں اس کے ساتھ شامل ہوجائے اوراگرامام رکوع میں ہے تورکوع میں شامل ہوجائے ۔ لہذا اگر کوئی شخص جماعت میں اس وقت شامل ہوا کہ امام رکوع سے اٹھ چکا تھا تو وہ رکعت اس کی فوت ہوگئی۔
مصنف عبدالرزاق،مصنف ابن ابی شیبہ اورسنن کبری للبیہقی میں ہے”واللفظ للآخر: ”عن ابن عمر أنه كان يقول: من أدرك الإمام راكعاً،فركع قبل أن يرفع الإمام رأسه، فقد أدرك تلك الركعة “ ترجمہ: حضرت ابن عمررضی اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے ، آپ فرمایا کرتے کہ جس نےامام کوحالتِ رکوع میں پایا، اورامام کے سر اٹھانے سے پہلے ہی اس نے رکوع کر لیا، تو اس نے وہ رکعت پا لی۔(السنن الکبری للبیھقی،رقم الحدیث 2580، ج 2،ص 128،دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے: ”والحاصل أنه إذا وصل إلى حد الركوع قبل أن يخرج الإمام من حد الركوع فقد أدرك معه الركعة وإلا فلا، كما يفيده أثر ابن عمر “ ترجمہ:اورحاصلِ کلام یہ ہےکہ جب امام کےحدِرکوع سےنکلنےسے پہلے ہی مقتدی حدِرکوع تک پہنچ جائے، تواسےوہ رکعت مل گئی، ورنہ نہیں ملی، جیساکہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کی روایت اس کافائدہ دیتی ہے۔(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح ،ص 455،دار الکتب العلمیۃ،بیروت)
المبسوط للسرخسی میں ہے: ”يجعل مدركا للركعة إذا أدرك الركوع مع الإمام“جب کسی نے امام کے ساتھ رکوع پالیا تو وہ رکعت پانے والا قرار پائے گا۔(المبسوط للسرخسي،ج 2، ص 94، دار المعرفۃ،بیروت)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟