فتوی نمبر:WAT-3363
تاریخ اجراء: 09جمادی الاخریٰ 1446ھ/12دسمبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
اگر کسی عورت نے مرد کو اپنے باپ بھائی وغیرہ کے مثل کہا،تو کیا یہ بھی ظہار ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
بیوی کااپنے شوہرکویہ کہناکہ تم میرے باپ یایہ کہناکہ تم میرےبھائی کی مثل ہو،یہ جملہ دو وجوہات کی بنا پر لغو ہے:
ایک تو اس لئے کہ یہاں حقیقت میں ظہارکے الفاظ ہی موجودنہیں کیونکہ ظہارکے لیے ضروری ہوتاہے کہ کسی عورت کے ساتھ تشبیہ دی جائے جبکہ سوال میں مرد(یعنی باپ یابھائی)کے ساتھ تشبیہ دی جارہی ہے ۔
اوردوسرااس لیے کہ یہ الفاظ عورت کی جانب سے ادا کئے گئے ہیں ،جبکہ عورت اگرظہارکے حقیقی اورصریح الفاظ استعمال کرے توتب بھی ظہارنہیں ہوتاکہ جس سے ظہارکیاجائے اس کابیوی ہوناضروری ہوتاہے جبکہ یہاں شوہر سے ظہارکیاجارہاہے۔
بدائع الصنائع میں ہے: ”أما الذي يرجع إلى المظاهر به فمنها أن يكون من جنس النساء حتى لو قال لها: أنت علي كظهر أبي أو ابني لا يصح؛ لأن الظهار عرفا موجبا بالشرع، والشرع إنما ورد بها فيما إذا كان المظاهر به امرأة“ ترجمہ: وہ شرائط جو مظاہر بہ یعنی جس کے ساتھ ظہار میں تشبیہ دی جائے، اس مین پایا جانا ضروری ہے۔ان میں سے ایک یہ ہے کہ وہ عورتوں جنس سے ہو یہی وجہ ہے کہ اگر شوہر نے اپنی بیوی کو یہ کہا کہ: تو مجھ پر میرے باپ یا میرے بیٹے کی پشت کی طرح ہے تو ظہار نہیں ہوگا اس لئے کہ عرفا ظہار شریعت کے ثابت کرنے سے ثابت ہوا ہے اور شریعت صرف عورت کے ساتھ تشبیہ دینے پر ظہار کا حکم ارشاد فرماتی ہے۔(بدائع الصنائع، جلد3، صفحہ233، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
بدائع الصنائع میں ہے "وأما الذي يرجع إلى المظاهر منه فمنها أن تكون زوجته"ترجمہ:جس سے ظہار کیاجائے اس کابیوی ہوناضروری ہے ۔ (بدائع الصنائع، جلد3، صفحہ232، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)
مجمع الانہر میں ہے”قالت لزوجها أنت علي كظهر أمي فإنه لغو في الصحيح وفي الجوهرة هذا قول محمد وعليه الفتوى“ ترجمہ: عورت نے اپنے شوہر کو کہا: تو مجھ پر میری ماں کی پشت کی مثل ہے تو صحیح مذہب کے مطابق یہ جملہ لغو ہے۔ جوہرہ میں ہے کہ یہ امام محمد کا قول ہے اور اسی پر فتوی ہے۔ (مجمع الانہر، جلد1، صفحہ447، دار احياء التراث العربی)
بہار شریعت میں ہے”عورت مرد سے ظہار کے الفاظ کہے تو ظہار نہیں بلکہ لغو ہیں۔“(بہار شریعت،، جلد2،حصہ08، صفحہ207، مکتبۃ المدینہ، کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟