Jamaat Mein Na Hote Hue Imam Se Ayat Sajdah Suni Tu Sajda e Tilawat Ka Hukum

جماعت میں نہ ہوتے ہوئے امام سے آیت سجدہ سنی تو سجدہ تلاوت کا حکم ؟

مجیب: مولانا محمد فراز عطاری مدنی

مصدق: مفتی فضیل رضا عطّاری

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کسی نے امام سے آیتِ سجدہ سنی اور اس وقت وہ نماز میں شامل نہیں تھا بعد میں شامل ہوا ، تو کیا اس پرسجدۂ تلاوت واجب ہوگا یا نہیں ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں جس نے امام سے آیتِ سجدہ سنی اور اس وقت نماز میں شامل نہیں تھا ، اس پر سجدۂ تلاوت واجب ہے۔ سجدہ کرنے کے حوالے سے تفصیل یہ ہے کہ آیتِ سجدہ سننے کے بعد امام کے سجدۂ تلاوت کرنے سے پہلے نماز میں شامل ہوا ، تو امام کے ساتھ سجدہ کرے۔ اور اگر امام کے سجدۂ تلاوت کرنے کے بعد اسی رکعت میں شامل ہوا جس میں امام نے آیتِ سجدہ تلاوت کی تھی ، تو وہ سجدہ نہیں کرے گا ، امام کا سجدہ اسے کافی ہے ، کیونکہ رکعت پانے کی وجہ سے وہ سجدہ کو پانے والا قرار پائے گا ، اگر اس رکعت کے علاوہ کسی اور رکعت میں شامل ہوا ، تو نماز سے فارغ ہونے کے بعد سجدہ کرے۔ یاد رہے اگر وہ نماز میں شامل ہی نہ ہوتا ، تب بھی اس پر سجدہ کرنا واجب ہوتا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم