Imam Ruku Mein Ho To Muqtadi Jamat Mein Kaise Shamil Ho ?

امام رکوع میں ہو تو مقتدی جماعت میں کیسے شامل ہو ؟

مجیب: مفتی محمد قاسم عطاری

تاریخ اجراء: ماہنامہ فیضانِ مدینہ جولائی2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیافرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ امام کو رکوع میں پایا ، تو کیا مقتدی کو اللہ اکبر کہنے کے بعد ایک بار سبحٰن اللہ کہنے کی مقدار کھڑے رہنا واجب ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جب امام رکوع میں ہو اور کوئی مقتدی جماعت میں شامل ہونا چاہے تو اس کے لئے طریقہ یہ ہے کہ کھڑے ہونے کی حالت میں تکبیر کہےاور ثنا پڑھے جبکہ امام کی حالت معلوم ہو کہ اتنی دیر رکوع میں لگا دے گا کہ مقتدی کو رکوع مل جائے گا اوراگر امام کی حالت معلوم نہ ہو یا یہ احتمال ہو کہ امام رکوع سے سر اٹھالے گاتو کھڑے ہونے کی حالت میں تکبیر ِتحریمہ کہنے کے فوراً بعد رکوع میں چلا جائے ، کھڑے ہونے کی حالت میں تکبیر کہہ لینے کے بعدایک بار سبحٰن اللہ کہنےکی مقدار کھڑے رہنا واجب نہیں۔

   البتہ تکبیر تحریمہ کھڑے ہونے کی حالت میں کہنا لازم ہے ، لہٰذا اگر تکبیرتحریمہ اتنا جھکتے ہوئے کہی کہ تکبیر ختم ہونے سے پہلے اتنا جھک گیا کہ ہاتھ پھیلائیں توگھٹنے تک پہنچ جائیں تونماز نہ ہوگی۔اور یہ بھی یاد رہے کہ کھڑے کھڑے تکبیر تحریمہ کہنے کے بعد تکبیر رکوع کہتے ہوئے ، رکوع میں چلا جائے کہ یہ تکبیر کہنا سنّت ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم