Haram Sharif Mein Namaz Parhte Hue Kaba Ko Dekhna

حرم شریف میں نماز پڑھتے ہوئے کعبہ کو دیکھنا

مجیب: مولانا فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1301

تاریخ اجراء: 05رجب المرجب1445 ھ/17جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   حرم شریف میں نماز پڑھتے ہوئے کعبہ کو دیکھ سکتے ہیں یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نمازکے آداب میں سے ہے کہ اپنی نگاہ کو حالت قیام میں موضع سجدہ سے آگے نہ لے جائیں ، رکوع میں پشت قدم اور سجدہ میں ناک کی طرف، قعدہ میں گودکی طرف نگاہ رکھی جائے  اور سیدھی جانب سلام پھیرتے ہوئے دائیں کندھے کی طرف جبکہ بائیں جانب سلام پھیرتے ہوئے نظر بائیں کندھے  کی طرف ہو، خانۂ کعبہ میں نمازپڑھتے ہوئے بھی اسی ادب کو ملحوظ رکھ کر نمازپڑھیں کیونکہ یہ حکم اس لئے بیان کیا گیا تاکہ نماز میں خشوع حاصل ہو اور کسی ایسی چیز پر نگاہ پڑنے سے حفاطت رہے جو نمازی کو غافل کردے اور کعبۃ اللہ کے سامنے نماز پڑھنے والا بھی اس سے محفوظ نہیں لہٰذا اس کے لئے بھی نظر کے یہی آداب ہیں جو بیان ہوئے۔

   تنویر الابصارودرمختار میں ہے:”(نظرہ إلی موضع سجودہ حال قیامہ، وإلی ظہر قدمیہ حال رکوعہ، وإلی أرنبۃ أنفہ حال سجودہ، وإلی حجرہ حال قعودہ، وإلی منکبہ الایمن والایسر عند التسلیمۃ الاولی والثانیۃ)لتحصیل الخشوع “یعنی حالتِ قیام میں نظر سجدہ کی جگہ کی طرف ہو، رکوع میں پُشتِ قدم کی طرف ،سجدہ میں ناک  کے اگلے حصہ کی طرف ، حالتِ قعدہ میں گود کی طرف، پہلے سلام میں سیدھے کندھے کی طرف اور دوسرےسلام میں بائیں کندھے کی طرف ہو تاکہ خشوع حاصل ہو ۔

   ردالمحتار میں ہے: ”فی ذلک حفظ لہ عن النظر إلی ما یشغلہ ، وفی إطلاقہ شمول المشاھد للکعبۃ لأنہ لا یأمن ما یلھیہ“ یعنی اس حکم میں اس چیز کی طرف دیکھنے سے حفاظت ہے جو اس کو مشغول کردے اور اس اطلاق میں وہ شخص بھی شامل ہے جو کعبہ کو دیکھ رہا ہو کیونکہ وہ بھی اس چیز سے محفوظ نہیں جو اس کو غافل کردے۔(رد المحتار علی الدرالمختار ،جلد2،صفحہ214،دارالمعرفہ، بیروت)

   حاشیۃ الطحطاوی میں ہے:”ویفعل ھذا ولو کان مشاھدا للکعبۃ علی المذھب“یعنی  نمازی اسی حکم پر عمل کرے گا اگرچہ وہ کعبہ کے سامنے ہو ۔(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح، صفحہ 277، مطبوعہ:بیروت)

   بہارِ شریعت میں ہے:”حالت قیام میں موضع سجدہ  کی طرف نظر کرنا،رکوع میں پشتِ قدم کی طرف،سجدہ میں ناک کی طرف،قعدہ میں گود کی طرف۔(بہار شریعت،جلد01،صفحہ538، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم