مجیب:مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1722
تاریخ اجراء:18ذوالقعدۃالحرام1445ھ/27مئی2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
فاتحہ کے بعد سورت ملانا ہوتی ہے تو کیا ہر رکعت میں الگ آیت ملانا فرض ہے یا ایک ہی بار بار پڑھ سکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
ہر رکعت میں ایک ہی سورت یا ایک ہی آیت(جو تین چھوٹی آیات کے برابر ہو) ملانےکی صورت میں نماز تو درست ہو جائے گی کہ ہر رکعت میں سورت فاتحہ کے ساتھ ملائی جانے والی آیت (جو تین چھوٹی آیات کے برابر ہو)یا سورت نئی ہو یہ فرض نہیں ہے البتہ نماز کی فرض رکعتوں میں بلاعذر ایک ہی آیت(جو تین چھوٹی آیات کے برابر ہو) یا سورت کا تکرار مکروہِ تنزیہی ہے۔ ہاں اگر کوئی عذر ہو مثلاً کوئی اور سورت یاد ہی نہیں آرہی تو کراہت نہیں، اسی طرح نوافل میں بھی کراہت نہیں۔
صدرالشریعہ بدرالطریقہ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: ”دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت کی تکرار مکروہ تنزیہی ہے، جب کہ کوئی مجبوری نہ ہو اور مجبوری ہو تو بالکل کراہت نہیں، مثلاً پہلی رکعت میں پوری قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ پڑھی، تو اب دوسری میں بھی یہی پڑھے یا دوسری ميں بلاقصد وہی پہلی سورت شروع کر دی یا دوسری سورت یاد نہیں آتی، تو وہی پہلی پڑھے۔نوافل کی دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت کو مکرر پڑھنا یا ایک رکعت میں اسی سورت کو باربار پڑھنا، بلا کراہت جائز ہے۔(بہارِ شریعت، جلد1، صفحہ 548، مکتبۃ المدینہ،کراچی)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟