Garmi Ki Wajah Se Kameez Utar Kar Namaz Parhna

گرمی کی وجہ سے قمیص اتار کر نماز پڑھنا

مجیب: فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-427

تاریخ اجراء:       16ذوالحجۃالحرام1443 ھ/16جولائی2022   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   رات کو جب میں عشاء کی  نماز پڑھتا ہوں، تواس وقت بہت گرمی ہوتی ہے اور ہمارے گاؤں میں لائٹ بھی نہیں ہے، کیا میں قمیص اتار کر نماز پڑھ سکتا ہوں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   قمیص موجودہوتے ہوئے صرف شلوارمیں نمازپڑھنا مکروہ تحریمی ہے ، رب تعالیٰ کی بارگاہ کاادب واحترام کرتے ہوئے قمیص پہن کرنمازپڑھناضروری ہے ، خود حدیث پاک میں حضوراقدس  صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اس سے منع فرمایاکہ مردصرف پاجامہ پہن کر نمازپڑھے اور چادرنہ اوڑھے ۔اس لیے اگرگرمی لگ رہی ہو،تو صحن وغیرہ مناسب ہوادارجگہ پرقمیص وغیرہ پہن کر نمازپڑھیں،  گرمی کی وجہ سے صرف شلوار پہن کر ہرگزنمازنہ پڑھیں ۔نیزیہ بھی ذہن میں رہے کہ مردوں پرجماعت کے ساتھ نمازپڑھناواجب ہے ،اگرکوئی عذرشرعی نہیں ہے تو آپ عشاء اور دیگر تمام نمازیں مسجد میں باجماعت ہی اداکریں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم