Fajar Ki Namaz Ke Doran Soraj Tulu Ho Jaye To Iski Namaz Ka Hukum?

فجر کی نماز  کے دوران سورج طلوع ہو جائے، تو نماز کا حکم

مجیب:مفتی ابو محمد علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر:Gul-2346

تاریخ اجراء:28ربیع الآخر 1443ھ/04دسمبر 2021

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین  اس مسئلے کے بارےمیں کہ ایک دن میں نے فجر کی نماز ادا کی ۔ نماز ادا کرنے کے کچھ دیر بعد معلوم ہوا کہ ہماری گھڑی تقریبا 10 منٹ پیچھے تھی، جس کی وجہ سے نماز پڑھتے پڑھتے فجر کا وقت ختم ہو چکا تھا اور غالب گمان یہی ہے کہ جب نماز شروع کی، اس وقت نماز کا وقت باقی تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ میری یہ نماز ہو گئی یا نہیں، کیونکہ ہم نے جان بوجھ کر تاخیر نہیں کی، بلکہ گھڑی کا سیل کمزور ہوجانے کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں آپ کی فجر کی نمازادا نہیں ہوئی ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فجر کی نماز پڑھتے ہوئے اگر سورج طلوع ہو جائے، تو نماز باطل ہو جائے گی اور اس کی قضا کرنا لازم ہوگا، کیونکہ فجر کی نماز کےلیے ضروری ہے کہ وقت میں ہی سلام پھر جائے۔گھڑی خراب ہونے یا پیچھے رہ جانے کی وجہ سے حکم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔اتنا ضرور ہے کہ یہ غلطی قصد سے نہیں ہوئی، بلکہ خطا کی وجہ سے ہوئی ہے ۔

   فجر کی نماز مکمل کرنے سے قبل سورج طلوع ہونے سے نماز  فاسد ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ بنایہ میں ہے: ”عند ابی حنیفۃ تبطل صلاۃ الصبح بطلوع الشمس فیھا۔“ یعنی فجر کی نماز کے دوران سورج طلو ع ہونے سے امام اعظم کے نزدیک فجر کی نماز باطل ہو جاتی ہے۔(البنایہ، جلد2، صفحہ23، بیروت)

   فجر کی نماز کے دوران سورج طلوع ہونے سے نماز فاسد ہو جاتی ہے،جیسا کہ فتاوی تاتار خانیہ میں ہے:”ولو طلعت الشمس  فی خلال الفجر تفسد فجرہ۔ “ یعنی اگر  فجر کی نماز ادا کرتے ہوئے سورج نکل آئے،تو فجر کی  نماز فاسد ہو جاتی ہے۔(فتاوی تاتار خانیہ، جلد2، صفحہ19،مطبوعہ  ھند)  

   بہار شریعت میں ہے:”وقت میں اگر تحریمہ باندھ لیا،  تو نماز قضا نہ ہوئی، بلکہ ادا ہے، مگر نماز فجر و جمعہ و عیدین، کہ ان میں سلام سے پہلے بھی اگر وقت نکل گیا نماز جاتی رہی۔“(بھار شریعت، جلد1، حصہ4، صفحہ701، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم