Eid Ki Namaz Ki Imamat Ka Tarika

نماز عید کی امامت کا  طریقہ

مجیب: مولانا محمد سعید عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-2638

تاریخ اجراء: 29رمضان المبارک1445 ھ/09اپریل2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   نماز عید کی امامت کا آسان طریقہ بتادیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پہلے اِس طرح نیّت کیجئے:’’میں نیّت کرتا ہوں دو رَکعَت نَماز عِیدالْفِطْر(یا عِیدُالْاَضْحٰی)کی امامت کی، ساتھ چھ زائد تکبیروں کے، واسِطے اللہ  عَزَّ وَجَلَّ کے‘‘ پھر کانوں تک ہاتھ اُٹھائیے اوراَللّٰہُ اَکْبَر کہہ کر حسبِ معمول ناف کے نیچے باندھ لیجئے اور ثَنا پڑھئے۔ پھر کانوں تک ہاتھ اُٹھائیے اور اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے ہوئے لٹکا دیجئے۔پھر ہاتھ کانوں تک اٹھائیے اور اَللّٰہُ اَکْبَر کہہ کر لٹکا دیجئے۔ پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائیے اور اَللّٰہُ اَکْبَر کہہ کر باندھ لیجئے یعنی پہلی تکبیر(نماز کی ابتدا والی) کے بعد ہاتھ باندھئے اِس کے بعد دوسری اور تیسری تکبیر میں لٹکائیے اور چوتھی میں ہاتھ باند ھ لیجئے۔ اس کو یوں یاد رکھئے کہ جہاں قِیام میں تکبیر کے بعد کچھ پڑھنا ہے وہاں ہاتھ باندھنے ہیں اور جہاں نہیں پڑھنا ،وہاں ہاتھ لٹکانے ہیں۔ پھر تَعَوُّذاور تَسْمِیَہ آہِستہ پڑھ کر اَلْحَمْد شریف اور سورت جہر (یعنی بُلند آواز) کے ساتھ پڑھیں، پھر رُکوع اور سجدے کریں۔

   دوسری رَکعَت میں پہلے اَلْحَمْد شریف اور سُورت جہر کے ساتھ پڑھیں ، پھر تین بار کانوں تک ہاتھ اٹھا کر اَللّٰہُ اَکْبَر کہئے اور ہاتھ نہ باندھئے اور چوتھی باربِغیر ہاتھ اْٹھا ئے  اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے ہوئے رُکوع میں جائیے اور قاعِدے کے مطابِق نَماز مکمَّل کر لیجئے۔ ہر دو تکبیروں  کے درمیان تین بار ’’سُبحٰنَ اللہ“کہنے کی مِقدار چُپ کھڑا رہنا ہے۔(ملخص از نماز عید کا طریقہ،ص 3،4،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم