Doori Wali Hudi Pehen Ka Namaz Parhna

ڈوری والی ہوڈی پہن کر نماز پڑھنا

مجیب: مولانا محمد سعید عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2349

تاریخ اجراء: 25جمادی الثانی1445 ھ/08جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   سردیوں کے دنوں میں ہوڈی کا استعمال دیکھنے کو آتا ہے،اس میں دو ڈوریاں  سامنے کی طرف لٹک رہی ہوتی ہیں،کیا ان ڈوریوں کا لٹکانا سدل میں آئے گا ؟اس طرح کی ہوڈی پہن کر نماز پڑھنا مکروہ ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مذکورہ ہوڈی میں نماز پڑھنا بلاکراہت جائز ہے،اور اس کی ڈوریوں کا لٹکنا سدل میں داخل نہیں،کہ کتب فقہ کی عبارات کے مطابق سدل کا معنی یہ ہے کہ کسی کپڑے کو بغیر پہنے کندھے وغیرہ پر ڈال لے،یا اسے خلاف معتاد(جس طرح عام طورپراستعمال نہیں کیاجاتا،اس) طریقے پر پہنے۔جبکہ بیان کردہ صورت میں  ہوڈی کوڈوریوں کے لٹکنے کے ساتھ پہننا اس کا لبس معتاد(عام طورپرجورائج ہے،وہ طریقہ) ہی ہے ،لہٰذا اس میں کوئی حرج نہیں۔

   درمختار میں ہے "(کرہ )۔۔۔( سدل) تحریما للنھی (ثوبہ) ای ارسالہ بلالبس معتاد "ترجمہ: کپڑے کو لٹکانا مکروہ تحریمی ہے یعنی ایسا لٹکانا جو معتاد پہننے کے خلاف ہو ۔(درمختارمع ردالمحتار،کتاب الصلوۃ،ج01،ص639، دارالفکر، بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم