Bradford Se Pakistan Ke Liye Nikla Tu Namaz Mein Qasr Kab Se Shuru Karega?

بریڈ فورڈ سے پاکستان کے لئےنکلا تو نماز میں قصر کب سے شروع کرے گا ؟

مجیب: ابو مصطفیٰ محمد ماجد رضا  عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-904

تاریخ اجراء: 23شعبان المعظم1444 ھ/16مارچ2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   مجھے بریڈ فورڈ سے پاکستان کا سفر کرنا ہے، کیااس صورت میں بریڈ فورڈ سے ملی ہوئی آبادی سے نکلتے ہی مسافر کہلاؤں گایعنی اب جو بھی نماز آئے گی اس میں قصر کرنی ہوگی یا جب مکمل 92 کلو میٹر سفر ہوجائے اس وقت مسافر کہلاؤں گا اور اسی وقت سے نماز میں قصر کا حکم ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   شرعی طور پر مسافر وہ ہےکہ جو اپنی بستی(جہاں وہ موجود ہے) سے تین دن کی مسافت یعنی 92 کلومیٹر کےارادے سے نکلے، 92کلومیٹر کا مطلب یہ ہےکہ اپنی بستی کے باہر سے لےکر جس جگہ جانا ہواس جگہ تک کا یک طرفہ فاصلہ 92کلومیٹرہو ۔پھر اگر شہر سے جارہاہے ،تو شہر کے مضافات کے باہرسے لے کر اس جگہ تک کا فاصلہ92کلومیٹر ہونا ضروری ہے ۔پوچھی گئی  صورت میں بریڈ فورڈ اور پاکستا ن کا فاصلہ 92 کلومیٹر سے کہیں زائد ہےلہذا جب آپ بریڈ فورڈ کے مضافات سے نکل جائیں گے تو مسافر ہوں گے اور یہیں سے  نماز قصر کرنا شروع کردیں گے اگرچہ ابھی 92 کلومیٹر  کی مسافت طے نہ  ہوئی ہو ۔

   فتاوی رضویہ میں ہے:’’المسافر بمن جاوز عمران موطنہ قاصدا مسیر ۃ ثلاثۃایام‘‘یعنی مسافر وہ ہے کہ جو اپنی آبادی سےتین دن کی مسافت کاقصد کرکے نکلا۔(فتاوی رضویہ مخرجہ ،جلد:8،صفحہ :243،رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

   بہارشریعت  میں ہے :"مسافر کاحکم اس وقت ہےکہ بستی کی آبادی سے باہر ہوجائے شہر میں ہے تو شہر سے ،گاؤں میں ہے تو گاؤں سے اور شہر والے کے لیے یہ بھی ضرور ہے ہے کہ شہر کے آس پاس جو آبادی شہر سے متصل ہے اس سے بھی باہر ہوجائے"(بہار شریعت ،جلد:2،حصہ :4،صفحہ:742، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم