Baghair Wazu Namaz Parhne Ka Hukum

بغیر طہارت کے ادا کی گئی فرض نماز کو کیسے دہرایا جائے گا؟

مجیب: ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر: Nor-12192

تاریخ اجراء: 23 شوال المکرم1443ھ/25مئی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہندہ باوضو کھڑے اذان سن رہی تھی کہ اس کی ہوا خارج ہوگئی۔ اس کی فیملی کے افراد بھی وہیں موجود تھے، شرمندگی کے مارے اسے کچھ سمجھ نہ آئی اور اس نے بغیر وضو ہی کے فرض نماز ادا کرلی۔

     اب معلوم یہ کرنا ہے کہ ہندہ بے وضو پڑھی گئی اس فرض نماز کو پھیرنا چاہتی ہے، تو اس صورت میں اس نماز کی نیت کے الفاظ کیا ہوں گے؟؟ رہنمائی فرمادیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     طہارت نماز کی بنیادی شرائط میں سے ایک شرط ہے بغیر طہارت کے نماز سرے سے ادا ہی نہیں ہوتی، بلکہ بعض صورتوں میں بغیر طہارت کے نماز پڑھنے کو فقہاء نے کفر بھی قرار دیا ہے۔ لہذا پوچھی گئی صورت میں ہندہ نے بغیر وضو کے جونماز ادا کی ہے اس کی وہ فرض نماز سرے سے ادا ہی نہیں ہوئی، ہندہ پر لازم ہے اس گناہ سے صدقِ دل سے اللہ عزوجل کی بارگاہ میں توبہ کرے اور آئندہ اس معاملے میں احتیاط سے کا م لے۔

     ہندہ پر اولاً تو یہی لازم ہے کہ وقت گزرنے سے پہلے ہی اس فرض نماز کو ادا کرے تاکہ نماز قضا نہ ہو، اس صورت میں تو ظاہر ہے کہ ہندہ اس وقت کی فرض نماز ہی کی نیت کرے گی۔ ہاں! اگر وہ نماز قضا ہوجاتی ہے تو اس صورت میں ہندہ قضا کی نیت سے اس فرض نماز کو ادا کرے گی یعنی فلاں دن کی فلاں نماز جو قضا ہوئی ہے، اسے ادا کررہی ہوں۔

     چنانچہ فتاویٰ عالمگیری میں ہے:ويحتاج إلى التعيين في القضاء أيضاً۔ هكذا في فتح القدير یعنی قضا نماز کی ادائیگی میں بھی دن اور وقت کی تعیین کرنا فرض نماز کی طرح ضروری ہے، جیسا کہ فتح القدیر میں یونہی مذکور ہے۔ (فتاوٰی عالمگیری، کتاب الطھارۃ،  ج 01، ص 66،  مطبوعہ پشاور)

     بہارِ شریعت میں ہے:”فرض قضا ہوگئے ہوں، تو ان میں تعیین یوم اور تعیین نماز ضروری ہے، مثلاً فلاں دن کی فلاں نماز مطلقاً ظہر وغیرہ يا مطلقاً نماز قضا نیت میں ہونا کافی نہیں۔(بہار شریعت، ج 01، ص 494، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم