مجیب:مفتی محمد قاسم عطاری
فتوی نمبر: HAB-0433
تاریخ اجراء: 06 ربیع الثانی 1446ھ/10اکتوبر 2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا فرماتے علمائے دین ومفتیان شرع متین اس بارے میں کہ کلمہ شہادت کے وقت مختلف مواقع پر جو شہادت کی انگلی اٹھائی جاتی ہے ، جیسےالتحیات میں ،اسی طرح عوام میں یہ رائج ہے کہ وہ وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے اور اذان و اقامت میں کلمہ شہادت کے وقت شہادت کی انگلی اٹھاتے ہیں،اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ یہ جائز ہے یا نہیں ؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جب التحیات میں کلمہ شہادت پڑھا جائے،اس وقت شہادت کی اُنگلی کے ذریعے اشارہ کرنا تو متعدد احادیث مبارکہ سے ثابت ہے ،اس لیے فقہائے کرام علیہم الرحمۃ نے اس کو سنت قرار دیا اورنماز کے علاوہ بھی کلمہ شہادت پر شہادت کی انگلی اٹھانا درست ہے ،کیونکہ اولاً تو اس کی ممانعت کی کوئی دلیل نہیں اور یہی اس کے جائز ہونے کے لیے کافی ہے ۔ثانیاً یہ کہ التحیات میں کلمہ شہادت پر انگلی اٹھانے کا مقصد یہ ہے کہ زبان کے ساتھ ساتھ اعضاء کے ذریعے اللہ پاک کی توحید کی تصدیق اور باطل معبودوں کا انکار ہو اور نماز کے علاوہ دیگر مواقع پر اسی مقصد کے لیے شہادت کی انگلی اٹھائی جاتی ہے،لہٰذا یہ بھی جائز ہے ۔ثالثًانماز کے علاوہ کئی مواقع پر شہادت کی انگلی اٹھانے کی فقہائےکرام نے صراحت بھی کی ہے،جن میں ایک یہی موقع یعنی وضو کرنے کے بعد کلمہ شہادت پڑھنے کا ہے۔
تشہد میں انگلی سے اشارہ کرنا متعدد احادیث مبارکہ سے ثابت ہے ،چنانچہ صحیح مسلم شریف میں ہے :”عن عامر بن عبد اللہ بن الزبير، عن أبيه، قال:كان رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم إذا قعد يدعو وضع يده اليمنى على فخذه اليمنى، ويده اليسرى على فخذه اليسرى، وأشار باصبعه السبابة “ترجمہ:حضرت عامر اپنےوالد حضرت عبدا للہ بن زبیررضی اللہ عنھماسے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب قعدہ میں تشہد پڑھنے کےلیے بیٹھتے ،تواپنا دایاں ہاتھ اپنی دائیں ران پر اور اپنا بایاں ہاتھ اپنی بائیں ران پر رکھتے اور شہادت کی انگلی سے اشارہ کرتے ۔(الصحیح لمسلم ، ج 1 ، ص 408 ، مطبوعہ دار احیاء التراث العربی )
اسی لیے فقہائے کرام علیہم الرحمۃ نے اس کو سنت قرار دیا ہے ،چنانچہ علامہ ابن امیر الحاج علیہ الرحمۃ ’’حلبۃ المجلی شرح منیۃ المصلی ‘‘میں لکھتے ہیں:”ذکر محمد حدیثا عن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم أنہ کان یشیر باصبعہ فیفعل ما فعل النبی صلی اللہ علیہ وسلم و لا جرم لما اتفقت الروایات عن أصحابنا جمیعا فی کونھا سنۃ و کذا عن الکوفیین و المدنیین و کثرت الأخبار و الآثار کان العمل بھا أولیٰ “ ترجمہ:امام محمد علیہ الرحمۃ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک حدیث ذکر کی ہے کہ آپ علیہ السلام تشہد میں اپنی مبارک انگلی سے اشارہ فرماتے تھے ،تو وہی کیا جائےگا جو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا اور بلا شبہ جب ہمارے تمام اصحاب احناف سے منقول ہونے والی روایات اس کے سنت ہونے پر متفق ہیں اور اسی طرح جب اہل کوفہ و اہل مدینہ سے یہی مروی ہے اور اخبار و آثار بھی اسی پر کثرت سے وارد ہیں، تو اسی پر عمل کرنا اولیٰ ہے ۔(حلبۃ المجلی شرح منیۃ المصلی ،ج02،ص 204،دار الکتب العلمیہ ،بیروت)
اعلیٰ حضرت امام اہلسنت علیہ الرحمۃ فتاوٰی رضویہ شریف میں لکھتے ہیں:”فقیر اورفقیر کے آبائے کرام و مشائخ عظام و اساتذہ اعلام قدست اسرارہم کا ہمیشہ معمول باتباعِ احادیث متواترہ و ارشاداتِ کتب متکاثرہ رفعِ سبابہ رہا اور اسے سنّت جانتا ہے۔“(فتاوٰی رضویہ ،ج06،ص 189،رضا فاؤنڈیشن،لاھور)
التحیات میں شہادت کی انگلی اٹھانے کا مقصد بیان کرتے ہوئے علامہ ابن امیرالحاج علیہ الرحمۃ ’’حلبۃ المجلی ‘‘میں لکھتے ہیں:”ان التوحید مرکب من نحو نفی و اثبات فیکون رفعھا اشارۃ الی احد شقی التوحید و ھو نفی الالوھیۃ عن غیر اللہ تعالیٰ و وضعھا اشارۃ الیٰ الشق الآخر و ھو اثبات الالوھیۃ للہ وحدۃ فتقع بھا الاشارۃ الی مجموع التوحید “ترجمہ: توحید نفی و اثبات دو چیزوں سے مرکب ہے ،تو انگلی کا اٹھانا توحید کی دو شقوں میں سے ایک کی طرف اشارہ ہوگا اور وہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ دوسروں سے الوہیت کی نفی ہے اور اس انگلی کو گرانا دوسری شق کی طرف اشارہ ہوگا اور وہ صرف اللہ تعالیٰ کے لیےالوہیت کا ثبوت ہے، تو اس کے ذریعے توحید کے مجموعہ کی طرف اشارہ واقع ہوگا ۔(حلبۃ المجلی شرح منیۃ المصلی ،ج02،ص 205،دار الکتب العلمیہ،بیروت)
وضو کے بعد کلمہ شہادت پڑھتے وقت انگلی اٹھانے کے متعلق ’’مراقی الفلاح مع حاشیۃ الطحطاوی‘‘میں وضوکے مستحبات کے بیان میں ہے:”(والاتیان بالشھادتین بعدہ قائماً مستقبلاً) ذکر الغزنوی انہ یشیر بسبابتہ حین ینظر الی السماء“ترجمہ:اوروضوکےبعدقبلہ کی طرف کھڑےہوکر شہادتین پڑھنا (مستحب ہے)۔غزنوی نےذکرکیاکہ جب آسمان کی طرف دیکھے،تواپنی شہادت والی انگلی سےاشارہ کرے۔(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح شرح نورالایضاح ،ص77،دار الکتب العلمیہ،بیروت)
حافظِ ملت حضرت علامہ مفتی عبد العزیز محدث مراد آبادی علیہ الرحمۃ سے سوال ہوا :”اشہد ان لا الہ الا اللہ پر کلمہ کی انگلی اٹھانا جو عوام میں رائج ہے ،اس کی کیا سند ہے ؟تو آپ علیہ الرحمۃ نے جواباً ارشاد فرمایا :”اس کی کوئی سند میری نظر میں نہیں اور اس سے ممانعت بھی نہیں ،اس لیے اس میں کوئی حرج نہیں ۔“
اس پر فقیہ العصرحضرت علامہ مفتی نظام الدین رضوی مصباحی دام ظلہ حاشیہ میں لکھتے ہیں :”عوام کا عمل یہ ہے کہ اذان میں، اقامت میں، خطبے میں، خطیب کی تقریر میں نیز دوسرے مواقع پر بھی جب کلمہ شہادت سنتے ہیں تو ’’أن لا إلہ‘‘ پر کلمے کی انگلی اٹھاتے ہیں، اس طرح کے مواقع پر انگلی اٹھانا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معلوم نہیں،فتوی میں عوام کے اسی عمومی عمل کے بارے میں حضرت نے لکھا ہے کہ ” اس کی کوئی سند میری نظر میں نہیں “یعنی عام حالات میں کلمہ شہادت پر سرکار علیہ الصلوٰۃ والسلام سے انگلی اٹھانا میرے علم میں نہیں ۔ہاں! نماز میں التحیات پڑھتے وقت ’’أن لا إلہ‘‘ پر سرور کائنات صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انگلی اٹھائی۔ یہ احادیث کی کتابوں میں موجود ہے۔ انگلی اٹھانے کا مقصد ’’لا إلہ‘‘ کی تائید وتصدیق ہے یعنی معبود باطل کی نفی۔ اس مقصد کے پیش نظر اگر تشہد کےعلاوہ دوسرے مقامات پر بھی انگلی اٹھائی جائے،تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں کہ یہاں بھی وہی معبود باطل کی نفی ہے،اس طرح دیکھا جائے، تو عوام الناس کے موجودہ عمل کی اصل حدیث نبوی میں ملتی ہے،اس لیے یہ ناجائز نہیں ہے کہ ناجائز قرار دینے کے لیے دلیل منع چاہئے اور وہ یہاں مفقود ہے ۔“ (فتاوی جامعہ اشرفیہ، جلد05،صفحہ 364،مجلس فقھی،مبارک پور اشرفیہ)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟