مجیب:مولانا عابد عطاری مدنی
فتوی نمبر:Web-1764
تاریخ اجراء:01محرم الحرام1446ھ/08جولائی2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
جوشخص مسجد میں جماعت میں شریک نہ ہو، بلکہ ابھی وضو کر رہا ہو یا جماعت میں ملنے کے لیے صحنِ مسجد یا فنائے مسجد تک پہنچا ہو، لیکن ابھی جماعت سے ملا نہیں، تو امام صاحب کی قراتِ تراویح میں سجدۂ تلاوت آ گیا ،جو امام صاحب نے جماعت ہی میں ادا کر دیا، تو کیا اس شخص پر بھی یہ سجدہ واجب ہے جبکہ یہ اس وقت تک جماعت میں شامل نہیں ہوا تھا؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
نماز میں امام نے آیت سجدہ پڑھی ،تو جو شخص وضو خانے میں یا اس کے علاوہ کسی جگہ موجود ہے اور اس نے آیت سجدہ بھی سنی ہے، تو اس پر سجدۂ تلاوت واجب ہے ۔ فی الحال نماز میں امام کے ساتھ شامل ہو جائے اور نماز ختم کرنے کے بعد یہ سجدہ تلاوت ادا کرے ،البتہ اگر یہ مقتدی اسی رکعت میں امام کے ساتھ شامل ہو جاتا ہے جس رکعت میں آیتِ سجدہ تلاوت کر کے سجدہ کر لیا گیاتو اس پر الگ سے سجدہ کرنا واجب نہیں ہوگا۔
نمازی سے آیت سجدہ سننے والے پر سجدہ تلاوت واجب ہو جاتا ہے جیسا کہ ہدایہ میں ہے:”ولو سمعھا رجل خارج الصلاۃ سجدھا ھو الصحیح “یعنی صحیح قول یہ ہے کہ آیت سجدہ خارج نماز میں سنی تو بھی سجدہ کرے گا ۔ (ھدایۃ مع البنایۃ ، جلد3، صفحہ224، مطبوعہ:ملتان)
آیت سجدہ سننے پر سجدہ تلاوت واجب ہونے کی صورتیں بیان کرتے ہوئے صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالی علیہ فرماتے ہیں: ”قاری نے آیت سجدہ پڑھی مگر دوسرے نے نہ سنی تو اگرچہ اسی مجلس میں ہو ، اس پر سجدہ واجب نہ ہوا ، البتہ نماز میں امام نے پڑھی تو مقتدیوں پر واجب ہو گیا اگرچہ نہ سنی ہو بلکہ اگرچہ آیت پڑھتے وقت وہ موجود بھی نہ تھا ، بعد پڑھنے کے سجدہ سے پیشتر شامل ہوا ، اور اگر امام سے آیت سنی مگر امام کے سجدہ کرنے کے بعد اسی رکعت میں شامل ہوا تو امام کا سجدہ اس کے لیے بھی ہے اور دوسری رکعت میں شامل ہوا تو نماز کے بعد سجدہ کرے ۔ یوہیں اگر شامل نہ ہوا جب بھی سجدہ کرے۔“(بہار شریعت ، جلد1، صفحہ728، مکتبۃ المدینہ ، کراچی )
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟