Aurat Ka Farz Namaz Ki Dono Rakaton Mein Ek Hi Surat Parhne Ka Hukum

عورت کا  فرض نماز  کی دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت پڑھنے کا حکم

مجیب: ابو مصطفیٰ محمد ماجد رضا  عطاری مدنی

فتوی نمبر: Web-817

تاریخ اجراء: 25 جماد  ی الاوّل 1444 ھ/20دسمبر2022   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا عورتوں کا بھی فرض نماز میں دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت پڑھنا مکروہ تنزیہی ہےاور جس نماز میں اس طرح کا ہوا، کیااس نماز کو دوبارہ پڑھنا ہوگا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   فرائض  میں بلاعذر سورتوں کی تکرار کرنا مکروہِ تنزیہی ہے۔ ہاں اگر کوئی عذر ہو مثلاً کوئی اور سورت یاد ہی نہیں آرہی،تو کراہت نہیں، اسی طرح نوافل میں بھی کراہت نہیں۔ یہ حکم مردوعورت سب کے لیے  ہے، البتہ اس وجہ سے نماز  کو لوٹانا واجب  نہیں ہے ۔

   صدرالشریعہ بدرالطریقہ حضرت علامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:”دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت کی تکرار مکروہ تنزیہی ہے، جب کہ کوئی مجبوری نہ ہو اور مجبوری ہو تو بالکل کراہت نہیں، مثلاً پہلی رکعت میں پوری قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ پڑھی، تو اب دوسری میں بھی یہی پڑھے یا دوسری ميں بلاقصد وہی پہلی سورت شروع کر دی یا دوسری سورت یاد نہیں آتی، تو وہی پہلی پڑھے۔نوافل کی دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت کو مکرر پڑھنا یا ایک رکعت میں اسی سورت کو باربار پڑھنا، بلا کراہت جائز ہے۔(بہارِ شریعت، جلد1، صفحہ 548، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم