مجیب:مولانا اعظم عطاری مدنی
فتوی نمبر:WAT-3141
تاریخ اجراء:28ربیع الاول1446ھ/03اکتوبر2024ء
دارالافتاء اہلسنت
(دعوت اسلامی)
سوال
کیا کوئی بندہ اسباب اختیار کیے بغیر اللہ پاک سے مانگے تو اسے اسباب کے بغیر کچھ مل سکتا ہے ؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
اللہ تبارک وتعالی کی ذات مقدسہ قادر مطلق ہے، وہ چاہے تو دعا کرنے والے کو ظاہری اسباب اختیارکیے بغیربھی اس کی مراد عطا کردے لیکن شریعت مطہرہ کی تعلیم اور حکمت الہیہ کا تقاضا یہی ہے کہ دعامانگنے والا ،دعاکے ساتھ ساتھ اسباب بھی اختیار کرے کہ عالم اسباب میں رہتے ہوئے ،ترکِ اسباب ،حکمت الہیہ کا ابطال اور شریعت مطہرہ کے ادب سے دور ہے۔
البتہ یہ یادرہے کہ!اسباب اختیار کرنے کے بعد بھی اس کا اعتماد و بھروسہ ظاہری اسباب پر نہ ہو بلکہ مسبب الاسباب یعنی اللہ سبحانہ وتعالی کی ذات مقدسہ پر ہو۔
دعا کے ساتھ اسباب چھوڑ دینے کے متعلق مفتی نقی علی خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے اپنی کتاب”أحسن الوعاء لآداب الدعاء“(المعروف بنام فضائل دعا)میں ایک مقام پر فرمایا":عالَم اسباب میں رہ کرترکِ اسبا ب گویا اِبطال حکمتِ الٰہیہ ہے۔( کَبَاسِطِ کَفَّیۡہِ اِلَی الْمَآءِ لِیَبْلُغَ فَاہُ وَمَا ہُوَ بِبَالِغِہٖ)ترجمہ:جیسے کوئی اپنی ہتھیلیاں پانی کی طرف پھیلائے ہوئےہو کہ وہ اس کے منہ میں پہنچ جائے اور وہ پہنچنے والا نہیں۔“(فضائل دعا، صفحہ289، مکتبۃ المدینہ، کراچی )
اسی مقام پر کچھ صفحات بعد سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے فرمایا:”ایسی حالت میں محض ابطالِ اسباب چاہ کر یا اللہ!ٹکڑا دے، یا اللہ! پیسہ دے، کہتا رہنا آپ ہی ادبِ شرع سے دور۔“(فضائل دعا،صفحہ292،مکتبۃ المدینہ ،کراچی )
فضائل دعا میں ہے ”دعا میں حد سے نہ بڑھے، مثلاً: انبیاء علیھم الصلاۃ والسلام کا مرتبہ مانگنا یا آسمان پر چڑھنے کی تمنا کرنا، اسی طرح جو چیزیں مُحال یا قریب بہ محال ہیں نہ مانگے۔“(فضائل دعا،صفحہ172،مکتبۃ المدینہ ،کراچی )
سیدی اعلی حضرت علیہ الرحمہ نے فتاوی رضویہ میں اسباب اختیار کرنے کے متعلق فرمایا :”نظر مسبب جل وعلاء پررکھ کر جائزاسباب رزق کااختیارکرناہرگز منافی توکل نہیں، توکل ترک اسباب کانام نہیں بلکہ اعتماد علی الاسباب کا ترک ہے۔“(فتاوی رضویہ ،جلد 24،صفحہ379،رضا فاؤنڈیشن ،لاہور)
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مسجد میں اسکول کی کلاس لگانا کیسا؟
ناپاکی کی حالت میں نماز ادا کرنے کا حکم؟
مسجدکی محراب میں اذان دیناکیساہے
ہوائی جہازمیں نماز کا کیا حکم ہے
مریض کے لیے لیٹ کرنماز پڑھنے کا طریقہ؟
نماز میں الٹا قرآن پڑھنے کا حکم
امام کے پیچھے تشہد مکمل کریں یا امام کی پیروی کریں؟
کیا بچے کے کان میں اذان بیٹھ کر دے سکتے ہیں؟