قعدہ اولی میں بیٹھنا بھول جائے تو اس کی تین صورتیں ہیں

مجیب: ابو مصطفی محمد کفیل رضا عطاری مدنی

مصدق: ابومحمد  علی اصغر العطاری المدنی

فتوی نمبر:Web-60

تاریخ اجراء: 28 جمادی الاخریٰ  1442 ھ/11فروری  2021 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کےبارےمیں کہ اگر کوئی قعدہ اولیٰ میں بیٹھنا بھول جائے اورکھڑا ہوجائے تو اب کیا  کرنا ہوگا ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     قعدہ اولیٰ  میں بیٹھنےکی بجائے بھول کرکھڑا ہونے کی تین صورتیں ہیں ۔

     ایک  صورت یہ ہے کہ وہ بھول کر سیدھا کھڑا ہوگیاتو اب اسے واپس لوٹنا جائز نہیں ہےبلکہ آخرمیں سجدہ سہو کر لے ،اگر واپس آئےگا تو گنہگار ہوگا بلکہ واپس لوٹ کر  بیٹھ بھی  گیا تو حکم ہےکہ فوراکھڑاہو جائے۔

     دوسری صورت یہ ہے کہ بیٹھنے کےقریب تھایعنی نیچے کا آدھا بدن سیدھا نہ ہواتھا کہ اسے یاد آگیا تو فورا بیٹھ جائےاوراس صورت میں سجدہ سہو بھی لازم نہیں ہے۔

     تیسری صورت یہ ہے کہ وہ  قیام کےقریب ہوگیا یعنی نیچےکا آدھا بدن تو سیدھا ہوگیامگرابھی پیٹھ میں خم تھاتوبھی قعدہ کی طرف واپس لوٹ آئےالبتہ اس صورت میں سجدہ سہوواجب ہوگا۔

     امام اہلسنت امام احمد رضاخان علیہ  رحمۃ الرحمن  سے سوال ہو ا’’ایک شخص نماز فرض یا وتر میں پہلا قعدہ بھول کر کھڑا ہوگیایا کھڑا ہونےلگا تو اس صورت میں کیا حکم ہےلوٹ آئےیا نہ لوٹے؟

     آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے جوابا ارشاد فرمایا’’اگرابھی قعود سے قریب  ہےکہ نیچے  کا آدھا بدن ہنوز سیدھا نہ ہونے پایا جب تو بالاتفاق لوٹ آئے اورمذہب اصح میں ا س  پرسجدہ سہو نہیں اوراگر قیام سے قریب ہوگیایعنی  بدن  کا نصف زیریں سیدھا اورپیٹھ میں خم باقی ہے  تو بھی مذہب اصح وارجح میں پلٹ آنےہی کا حکم ہےمگر اب اس پر سجدہ سہو واجب ،اوراگر سیدھا کھڑا ہوگیا تو پلٹنے کا اصلا حکم نہیں بلکہ ختم نماز پر سجدہ سہو کر لے پھر بھی اگرپلٹ آیا بہت بر اکیا گناہگار ہوا ،یہاں تک کہ حکم ہےکہ فوراکھڑا ہو جائے اورامام ایساکرے تو مقتدی اس کی پیروی نہ کریں کھڑے رہیں یہاں تک کہ وہ پھر قیام میں آئے مگر مذہب اصح میں نما ز یوں کی  بھی نہ جائےگی صرف سجدہ سہو لازم رہےگا۔(فتاویٰ رضویہ ،جلد8،صفحہ181،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)


وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم