Wuzu Me Darhi Ke Baal Dhone Ka Sahi Tarika

وضومیں داڑھی کے بال دھونے کی تفصیل

فتوی نمبر:WAT-783

تاریخ اجراء:08شوال المکرم 1443ھ10/مئی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا وضو میں داڑھی کا ہر ہر بال دھوناضروری ہے؟ 

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   داڑھی کے بال اگر گھنے ہوں کہ نیچے جلد نظر نہ آتی ہو تو داڑھی کے بال گلے کی طرف دبانے سے جس قدر بال چہرے کے دائرے میں آئیں گے ان کی اوپری سطح کا وضو میں دھونا فرض ہے ۔اور چہرے کی حد سے نیچے لٹکے ہوئے بالوں کا مسح سنت اور دھونامستحب ہے ۔ لیکن اگر داڑھی کے بال گھنے نہ ہوں  بلکہ چھدرے ہوں(یعنی بالوں کے اندر سے چہرے کی جلد نظر آتی ہو )تو چہرے کی جلد تک پانی پہنچانا بھی ضروری ہےاور چہرے کی حد میں آنے والے بالوں کو دھونا بھی ضروری ہے۔ اوراگرکچھ حصے میں گھنے ہوں اورکچھ میں چھدرے،توجہاں گھنے ہوں ،وہاں بال اورجہاں چھدرے ہوں،وہاں اس جگہ جلدکادھونا فرض ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

ابو رجا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی