Pani ki Tanki Napak Ho Jaye Tu Usko kaise Pak Karen ?

بلی ٹینکی میں پیشاب کرے توپانی پاک کرنے کاطریقہ

فتوی نمبر:WAT-810

تاریخ اجراء: 15شوال المکرم 1443ھ17/مئی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   گھر  کی ٹینکی  کے اندر  میں نے بلی کو پیشاب کرتے دیکھا ہے، اب اس  کو کیسے پاک کیا جائے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   وہ ٹینکی یا حوض وغیرہ  دہ در دہ ہے یا نہیں  یعنی آج کل کی پیمائش کے اعتبار سے  کل پیمائش دو سو پچیس اسکوائر فٹ ہے یا نہیں ؟ اگر اس ٹینکی میں موجود پانی دہ در دہ ہے اور اس میں بلی نے پیشاب کر دیا، تو جب تک اس پانی میں نجاست کا اثر ( رنگ ، بو یا ذائقہ  ) ظاہر نہ ہو، پانی نا پاک  نہیں ہو گا۔

    اور اگر وہ  پانی  دہ در دہ سے کم ہے،تو اس صورت میں  اگر اس میں نجاست گر گئی یا بلی نے پیشاب کر دیا، تو اس ٹینکی کا سارا پانی ناپاک  ہو جائے گا۔

   ٹینکی وغیرہ پاک کرنے کا طریقے:

   اگرنجاست نظرآنے والی ہے تواولااس کونکالاجائے گااورنظرآنے والی نہ ہوتواسی سمیت موٹر چلا کر پانی ٹینکی میں ڈالنا شروع کریں ، جب ٹینکی بھر کرپانی نکلناشروع ہوجائے اورزمین پرکچھ دوربہہ جائے توساری ٹینکی پاک ہوجائے  گی اوربہتریہ ہے کہ اس قدرپانی نکلنے دیں کہ دوڈیڑھ ہاتھ لمبائی میں بہہ جائے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ