Nakhun Katne Ka Tarika

ناخن کاٹنے کا طریقہ

فتوی نمبر:WAT-847

تاریخ اجراء:26شوال المکرم 1443ھ28/مئی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   ناخن کاٹنے کا سنت طریقہ ارشاد فرما دیں ۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   ہاتھ کے ناخن کاٹنے کے حوالے سے مختلف روایات منقول ہیں ۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے  منقول ہے کہ پہلے دائیں ہاتھ کے ناخنوں کو اس طرح تراشے کہ سب سے پہلے چھنگلیا(چھوٹی انگلی) ، پھر بیچ والی، پھر انگوٹھا ، پھر منجھلی(یعنی چھوٹی انگلی اور بیچ والی انگلی کے درمیان والی ) انگلی، پھر شہادت والی انگلی کا  ناخن  کاٹے ۔ اس کے بعد بائیں ہاتھ کے ناخن اس طرح کاٹے کہ پہلے انگوٹھا ، پھر بیچ والی ، پھر چھنگلیا ، پھر شہادت والی اور پھر منجھلی انگلی کے ناخن کاٹے ۔

   ایک دوسرا اور آسان طریقہ  ہے اوروہ بھی حضوراقدس صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم سے مروی ہے،وہ یہ کہ دائیں ہاتھ کے کلمہ (شہادت ) والی انگلی سے شروع کرے اور چھوٹی انگلی تک ناخن کاٹ لے ، اس ہاتھ کا صرف انگوٹھا رہ جائے گا ۔ پھر بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے شروع کر کے انگوٹھے سمیت تمام انگلیوں کے بالترتیب ناخن کاٹ لے اور آخر میں دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا ناخن   کاٹ لے ۔

   نوٹ:یہ طریقہ لکھنے کے بعد صد ر الشریعہ مولانا امجد  علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :” اعلیٰ حضرت قبلہ قدس سرہ، کا بھی یہی معمول تھا اور یہ فقیر بھی اسی پر عمل کرتا ہے۔

    پاؤں کے ناخن کاٹنے کی کوئی ترتیب منقول نہیں ۔ البتہ بہتر یہ ہے کہ پاؤں کی انگلیوں میں خلال کرنے کی جو ترتیب ہے اسی ترتیب سے ناخن کاٹے  یعنی پہلے  دائیں پاؤں کی چھنگلیا(چھوٹی انگلی ) سے شروع کرکے انگوٹھے پر ختم کرے پھر بائیں پاؤں کے انگوٹھے سے شروع کرکے چھنگلیا پر ختم کرے۔(ملخصا ازبہارشریعت،ج03،حصہ16،ص583-584،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

ابوصدیق محمد ابوبکر عطاری