Mard Ko Sona Pehenna Haram Hai, Ahadees Se Suboot

مردکے لیے سوناپہنناحرام ہے  ،احادیث سے ثبوت

فتوی نمبر:WAT-806

تاریخ اجراء:14  شوال المکرم 1443ھ16/مئی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   زید نے بکر کو کہاکہ سوناپہننامردکے لئے حرام ہےتوبکرنے کہا یہ کہاں سے ثابت ہے؟توآپ بتادیں کہ یہ کہاں سے ثابت ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   مرد کو سونے کازيورپہنناناجائز وحرام ہے اور یہ کئی احادیث مبارکہ  سے ثابت ہے۔جیساکہ مسندامام احمدبن حنبل میں ہے:رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جو اللہ عزوجل اور آخرت پر ايمان رکھتا ہے اسے چاہیے کہ ريشم اور سونا ہرگز نہ پہنے۔(المسند للامام احمد بن حنبل، الحدیث:، ۲۲۳۱۱ ،ج۸ ،ص ۲۹۳)

   حضرت سیدناعبد اللہ بن عمررضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے کہ ''نبی کريم صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے''ميرا جو اُمتی اس حال میں مراکہ شراب پيتاتھا اللہ عزوجل جنت ميں اس پر( جنتی) شراب پينا حرام کر دے گا اور ميرا جو اُمتی اس حال میں مراکہ دنيا ميں سونے کا زيور پہنتاتھا اللہ عزوجل جنت ميں اس پر سونا پہننا حرام فرما دے گا ۔    ( المسند للامام احمد بن حنبل ، الحدیث:۶۹۶۶، ج۲ ،ص ۶۵۹)

   رسول اکرم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ و سلم نے ايک شخص کے ہاتھ ميں سونے کی انگوٹھی ديکھی تو اسے اتار کر پھينک ديا اور ارشاد فرمايا ''تم ميں سے کوئی آگ کے انگارے کاارادہ کرتا ہے پھر اسے اپنے ہا تھ ميں رکھ ليتا ہے۔'' حضورنبئ پاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے جانے کے بعد اس شخص سے کہا گيا :اپنی انگوٹھی اٹھا لو اور اسے بیچ کر نفع اٹھاؤ۔'' تو اس نے کہا :''خداعزوجل کی قسم! جس انگوٹھی کو اللہ کے رسول عزوجل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے پھينک ديا ميں اسے ہر گز نہيں اٹھاؤں گا۔( صحیح مسلم ،کتاب اللباس والزینۃ ، تحریم خاتم الذھب علی۔۔۔۔۔۔الخ ،الحدیث: ۵۴۷۲ ، ص ۱۰۵۲)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

ابو احمد محمد انس رضا عطاری مدنی