Black Friday Kehna Aur Manana Kaisa ?

بلیک فرائیڈے کہنااور منانا

فتوی نمبر:WAT-660

تاریخ اجراء:14شعبان المعظم 1443ھ/18مارچ 2022

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

    بلیک فرائیڈے منانا اور اس میں لگنے والی سیل سے خریداری کرنا کیسا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

    بلیک فرائیڈے  منانا (یعنی اس میں تاجروں کا اشیاء سستی کرنا )اور اس میں اشیاء کی خریداری کرنا جائز ہے۔البتہ جمعہ جیسے بابرکت دن کو  "بلیک "کہنا  مناسب نہیں۔اگرچہ اس کی توجیہ  یہ بیان کی جاتی ہے کہ  کاروباری لوگ سرخ سیاہی سے نقصان اور سیاہ سیاہی سے نفع لکھتے تھے، تو جس دن یہ تہوار مناکر نفع کمایا جاتا اس کو بلیک ڈے کے نام سے تعبیر کیا گیا۔لیکن ہمارے معاشرے میں بلیک ڈے یا یوم سیاہ سوگ منانے کےلئے بولا جاتا ہے ، لہذا ظاہری اعتبار سے یہ لفظ جمعۃ المبارک کے شایان شان نہیں ۔ اس کے بجائے کوئی اور مناسب لفظ مثلاً وائٹ فرائیڈے،برائٹ فرائیڈے یا گولڈن فرائیڈے وغیرہ کہاجائے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

المتخصص  فی الفقہ الاسلامی

ابو رجا محمد نور المصطفیٰ عطاری مدنی